متحدہ اپوزیشن جسٹس افتخار محمد چوہدری کی معطلی کیخلاف کل ملک گیر احتجاج کریگی۔ مجلس عمل صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران نماز جمعہ شاہراہ دستور پر ادا کریگی

جمعرات 15 مارچ 2007 13:27

اسلام آباد (اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار15 مارچ2007) متحدہ اپوزیشن سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی معطلی اور صدارتی ریفرنس کے خلاف کل بروز جمعہ کو ملک گیر احتجاج کریگی جبکہ مجلس عمل چیف جسٹس کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران نماز جمعہ شاہراہ دستور پر ادا کریگی۔ تفصیلات کے مطابق غیر فعال چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی معطلی اور صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دورانآج متحدہ اپوزیشن کی کال پر پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائے گا اس سلسلے میں پورے ملک میں جلسے جلوس منعقد ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جن سے اپوزیشن جماعتوں کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے جبکہ غیر فعال چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی معطلی کے خلاف متحدہ مجلس عمل آج شاہراہ دستور پر نماز جمعہ ادا کریں گے جس کی امامت متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد کریں گے۔

(جاری ہے)

آج ہونے والی ہڑتال کے موقع پر جڑواں شہروں سمیت گرد و نواح سے تمام اپوزیشن جماعتوں کے کارکن احتجاج میں شریک ہوں گے اور حکومت کی طرف سے عدالت عظمیٰ کے تقدس کی پامالی اور چیف جسٹس کے خلاف ہتک آمیز سلوک کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ ایم ایم اے کے صدر قاضی حسین احمد نے احتجاج میں شرکت کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ جاہ نماز اور قرآن پاک کا نسخہ لائیں تاکہ ایک سے دو بجے تک شاہراہ دستور پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ کلام پاک کی تلاوت بھی کی جاسکے۔

دریں اثناء اسلام آباد کی تاجر برادری نے آج متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ توقع ہے کہ حکومت احتجاج کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کرے گی اور اسلام آباد میں داخل ہونے والے راستوں کو بند کردیا جائے گا۔