عوام کل کے احتجاج میں بھر پور شرکت کریں ۔ نوازشریف کی اپیل

جمعرات 15 مارچ 2007 18:12

لاہور(اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار15 مارچ2007 ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کل (جمعہ ) کو ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے ثابت کریں کہ قانون اور انصاف پر حملہ آور ہونے والوں کو کوئی زندہ ضمیر برداشت نہیں کر تا اور ایسے حملہ آوروں سے نجات حاصل کر کے پاکستان کی آزادی اور قوم کی بقاء کو یقینی بنایا جائیگا۔

مسلم لیگ (ن) کی طرف جاری کردہ پریس ریلیز میں نوازشریف نے کہا کہ سلامتی کی نشانی آئین پاکستان اور عوام کی حکمرانی کی ترجمان پارلیمنٹ کو برباد کرنے کے بعد آمریت نے حصول انصاف کے مقدس ترین ادارے پر بھی یلغار کر دی ہے اور چیف جسٹس کے خلاف ننگی جارحیت اس کا کھلا ثبوت ہے کہ جنرل مشرف اپنے غیر آئینی ‘غیر قانانی ‘غیر جمہوری اور غیر اخلاقی اقتدار کو طول دینے کیلئے قانون ‘جمہوریت ‘تہذیب اور اخلاق کی ہر حد کو پھلانگ سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے کہا کہ وکلاء نے آمریت کے خلاف جدوجہد کا جو پرچم بلند کیا ہے اسے بلند رکھنا ہر پاکستان کا مقدس فریضہ ہے اور میں جوانوں ‘دانشوروں ‘تاجروں ‘مزدوروں ‘طالب علموں ‘بزرگوں اور غرض کہ مادر وطن سے محبت کرنے والے ہر فرد سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس وقت تک چین سے نہ بیٹھیں جب تک وہ ان تمام افراد کو کیفر کردار تک نہیں پہنچا لیتے جنہوں نے ان کے مقدس وطن کی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہوا ہے ۔ جنہوں نے وفاق کی نشانی آئین کی بے حرمتی کی ہے جنہوں نے انصاف کے اعلی ترین ادارے کو انصاف سے محروم کر دیا ہے ۔ آخر میں انہوں نے عہد کیا ہے کہ وہ جدوجہد کے ہر سفر میں اپنے عوام کے ساتھ شریک ہیں اور منزل کے حصول تک ہر قربانی دیتے چلے جائینگے ۔

متعلقہ عنوان :