سپریم جوڈیشل کونسل میں صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران غیر متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، وزیراطلاعات،صحافیوں کو پی آئی ڈی سے گاڑیوں پر سپریم کورٹ لے جایا جائے گا، وکلاء، جج اورسائلین کو سپریم کورٹ تک رسائی میں رکاوٹ نہیں ہوگی،جمعہ کے روزاسلام آباد سیل ہوگا نہ چھٹی ہوگی، غیر فعال چیف جسٹس کے معاملہ پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 15 مارچ 2007 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2007ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں غیر فعال چیف جسٹس کیخلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران غیر متعلقہ افراد کو سپریم کورٹ تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی، صحافیوں کو پی آئی ڈی سے گاڑیوں پر سپریم کورٹ لے جایا جائے گا، وکلاء، جج اور سائلین کو سپریم کورٹ تک رسائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی، آج جمعہ کے روز اسلام آباد سیل ہوگا نہ چھٹی ہوگی، غیر فعال چیف جسٹس کے معاملہ پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ملک میں کوئی بحران نہیں، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔

جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی سماعت کے موقع پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صحافیوں کو سپریم کورٹ کی عمارت تک رسائی کیلئے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کیلئے پی آئی ڈی سے صحافیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے اورانتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ وکلاء، ججز اورسائلین کو سپریم کورٹ تک رسائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائیں تاہم انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کسی کو سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں یا اپوزیشن کے جو لوگ ہیں وہ اس موقع پر قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں گے یاان کے کوئی اور عزائم ہوں گے تو ان کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم اگر وہ امن کے قیام کی گارنٹی دیں اور صرف جوڈیشل کونسل کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ تک جانے کی یقین دہانی کرائیں تو ان کو اجازت دی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں کوئی نہیں ہے حکومت امن و امان کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر چیف جسٹس اورکسی وکیل کو کوئی شکایت ہے تو وہ سپریم جوڈیشل کونسل میں پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو جمعہ کے روز سیل کیا جائے گا نہ چھٹی ہوگی۔ اسلام آباد میں تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی بحران نہیں عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔