لاہور ہائی کورٹ کل وزیر اعظم شوکت عزیز کی قومی اسمبلی سے نااہلی کیلئے دائر ریفرنس کا فیصلہ سنائے گی

جمعرات 15 مارچ 2007 21:31

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2007ء) لاہور ہائی کورٹ وزیر اعظم شوکت عزیز کی قومی اسمبلی سے نااہلی کیلئے دائر شدہ الیکشن پٹیشن کا فیصلہ آج سنائے گی۔ شوکت عزیز کیخلاف دائر شدہ الیکشن پٹیشن کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جج مسٹر جسٹس سید زاہد حسین کی سربراہی میں پنجاب الیکشن ٹریبونل نے کی تھی اور دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد 28 فروری کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

شوکت عزیز کیخلاف انتخابی عذر داری ان کے سیاسی حریف اور کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے چیئرمین انجینئر جمیل احمد ملک نے دائر کی تھی۔ جمیل ملک فیصلہ سننے کیلئے آج لاہور روانہ ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ الیکشن پٹیشن میں شوکت عزیز کے امریکی شہری ہونے، غلط ثاثے بیان کرنے اور الیکشن قوانین کی پابندی نہ کرنے کے علاوہ دیگر قانونی نقاط بھی اٹھائے گئے تھے۔ وزیر اعظم شوکت عزیز کی پیروی سابق چیئرمین سینٹ بیرسٹر وسیم سجاد جبکہ انجینئر جمیل نے اس الیکشن پٹیشن کی پیروی خود کی تھی۔