وکلاء پر تشدد ریاستی دہشت گردی ہے‘ حکومت بوکھلا چکی ہے۔ نواز شریف

ہفتہ 17 مارچ 2007 16:15

اسلام آباد اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار17 مارچ2007) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے لاہور میں وکلاء پر پولیس تشدد کو بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت وکلاء کی بہادرانہ جدوجہد سے بوکھلا چکی ہے وکلاء اپنے خون سے پاکستان میں آمریت کیخلاف ایک بار پھر نئی تاریخ رقم کررہے ہیں عدالتی بحران نے سیاسی نظام کو کھوکھلا کردیا ہے حکومت عدلیہ‘ میڈیا اور سیاسی جماعتوں کا گلا گھونٹ کر ملک میں اپنے اقتدار کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

ہفتے کو جاری کئے گئے بیان میں نوازشریف نے لاہور میں وکلاء کے کنونشن پر پولیس کی طرف سے بہیمانہ تشدد کی شدید مذمت کی اور کہا کہ وکلاء کی بہادرانہ جدوجہد سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے- انہوں نے کہا کہ وکلاء اپنے خون سے پاکستان میں آمریت کے خلاف ایک بار پھر نئی تاریخ رقم کررہے ہیں-انہوں نے کہاکہ حالیہ عدالتی بحران انتہائی سنگین ہوچکا ہے اور ملک بدترین بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، اس سے پہلے بلوچستان کے اندر فوجی ایکشن اور قبائلی علاقوں میں حکومت کے ایکشن سے وفاق بُری طرح متاثرہواتھا، اب عدالتی بحران نے ہمارے سیاسی نظام کو اندر سے کھوکھلاکردیا ہے-حکومت نے جس انداز میں چیف جسٹس پر تشدد کیا ،میڈیا کے دفاتر پر حملہ کیااور وکلاء پر جس انداز میں بے رحم تشدد کیاگیا ہے اُس نے حقیقی جمہوریت کے دعوؤں کی حقیقت کھول دی ہے-انہوں نے کہاکہ موجودہ بحران کی اصل وجہ ملک میں فوجی آمریت کا وجود ہے،جنرل مشرف وردی کے ذریعے پوری قوم کو فکس اپ کرناچاہتے ہیں ،لیکن یہ اُن کی بھول ہے، چونکہ ماضی سے یہ تجربہ ملتا ہے کہ فوجی آمریت کبھی اپنے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوسکی -جس انداز میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو فارغ کیاگیا ،میڈیا کو دبانے کی براہ راست کوششیں کی جا رہی ہیں اور وکلاء پر بدترین تشدد کیاجارہا ہے اسکی پاکستان کی 60سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی-ا نہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کا اصل گناہ ملک کو بدترین اداروں اور گورننس کے بحران سے دوچارکردینا ہے اوریوں لگتاہے کہ ملک کے ادارے ایک ایک کرکے ادھڑ رہے ہیں-انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اور دیگر اپوزیشن جماعتیں مل کر ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیارکرنے کیلئے مشاورت کررہے ہیں-انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپہ اور کارکنوں اور سیکرٹریٹ کے ملازمین پر تشدد حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا منہ بولتاثبوت ہے اورہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں-حکومت عدلیہ ،میڈیا اور سیاسی جماعتوں کا گلا گھونٹ کر ملک میں اپنا اقتدار قائم رکھناچاہتی ہے لیکن اِن ہتھکنڈوں سے وہ پاکستان کے 15کروڑ عوام کے جمہوری حقوق کو نہیں دباسکے گی ،عوام اورو کلاء کی جدوجہدکامیاب ہو کر رہے گی-