چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو غیر فعال کئے جانے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس جواد ایس خواجہ سمیت کراچی کے تین اور پنوں عاقل کے ایک سول جج مستعفی

پیر 19 مارچ 2007 12:02

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 19مارچ 2007ء ) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو غیر فعال بنانے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس جواد ایس خواجہ ،فرسٹ سینیر سول اور اسسٹنٹ سیشن جج کراچی اشرف یار خان ،ضلعی سیشن جج ایسٹ آغا رفیق احمد خان ،ضلعی سول جج سینٹرل پیر اسداللہ راشدی اور پنوں عاقل کے سول جج راجیش چندر راجپوت اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں ۔

اس طرح افتخار چوہدری کو غیر فعا ل کئے جانے کے بعد مستعفی ججوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس جواد ایس خواجہ نے اپنا استعفیٰ سپریم کورٹ بھیج دیا ہے اور وہ سرکاری گاڑی چھوڑ کر گھر وانہ ہوگئے۔لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس جواد کے استعفے کے بعد مزید ججوں کے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔فرسٹ سینیر سول اور اسسٹنٹ سیشن جج کراچی اشرف یار خان نے کہا کہ نو مارچ کے بحران پر انکا ضمیر مطمعن نہیں‌ہے اس لیے وہ استعفی دے رہے ہیں‌۔ دوسری جانب پنوں عاقل کے سول جج راجیش چندر راجپوت نے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو غیر فعال بنانے کے خلاف احتجاجی استفی دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی دباؤ میں رہ کر انصاف مہیا نہیں‌کر سکتے۔