بھارت اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا پاک چین دوستی پر کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ خورشید قصوری۔۔چین کے ساتھ تعاون ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی پتھر ہے، ہماری دیرینہ دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مستحکم ہو رہی ہے ، وزیر خارجہ کا پیکنگ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات سے خطاب۔چین سے خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینگے، خلائی تحقیقاتی ادارے کیٹک کے دورے کے موقع پر گفتگو

پیر 19 مارچ 2007 18:13

بیجنگ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 مارچ 2007 ) وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تعاون ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی پتھر ہے، چین ہمارا دیرینہ دوست ہے وقت کے ساتھ یہ رشتہ مزید مستحکم ہوتا جائے گا۔ وہ سوموار کو پیکنگ یونیورسٹی کے طلباء اور طالبات سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی سلامتی اور ترقی کیلئے پاکستان پہلے کی طرح ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر انہوں نے بھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے جامع مذاکرات کے تازہ سلسلے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں جلد از جلد امن کے قیام کا خواہاں ہے ایک مستحکم اور ترقی کرتا ہوا افغانستان پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کردار ادا کیا ہے آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ خورشید قصوری کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے ۔ عالمی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امریکہ کے ساتھ فرنٹ لائن اسٹیٹ اتحادی کے طور پر کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو پر امن رکھنے کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے تاہم دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پہلے اس کی وجوہات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے طلباء کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا پاک چین دوستی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے آزادانہ تجارتی معاہدے سے تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا اگلے پانچ سالوں میں دونوں ممالک کا تجارتی حجم 15 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

قبل ازیں چین کے خلائی تحقیقاتی ادارے کیٹک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا کہ وہ دورہ چین سے واپسی پر پاکستانی قیادت کو چین کے ساتھ خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید وسعت دینے پر بات کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم شوکت عزیز اپنے حالیہ دورہ میں بھی چینی قیادت سے خلائی ٹیکنالوجی کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ خورشید قصوری نے کہا کہ دونوں ممالک خلائی ٹیکنالوجی کے پر امن استعمال کے مقاصد پر یقین رکھتے ہیں اور اس ضمن میں برادر ممالک تعاون جاری رکھیں گے جو دونوں ممالک کے بہتر مفاد میں ہے۔

متعلقہ عنوان :