افغانستان اور پاکستان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیں ۔ جرمنی

پیر 19 مارچ 2007 19:06

برلن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 مارچ 2007 ) جرمنی نے پاکستان اورافغانستان پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیں کیونکہ پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات افغانستان کے مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔

(جاری ہے)

منگل کو برلن میں افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن چانسلر انجیلاء مارکل نے کہاکہ جرمن پاکستان اور افغانستان کے درمیان خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے انہوں نے کہاکہ افغان صدر سے ملاقات میں بھی پاک افغان تعلقات کا موضوع زیر بحث رہا جبکہ افغان صدر پر زور دیا گیا کہ وہ افغانستان کے روشن مستقبل اور ملک میں استحکام کیلئے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بنیادی اہمیت دیں انہوں نے کہاکہ جرمنی افغانستان سے اپنے فوجیوں کا فوری انخلاء کرکے افغانستان کو دوبارہ انتہا پسندوں کاگڑھ نہیں بننے دے گا جرمن چانسلر نے کہاکہ ان کا ملک افغانستان میں تعمیر نو اور بحالی کیلئے افغان حکومت سے بھرپور تعاون جاری رکھے گا اس سے قبل ملاقات میں افغان صدر نے جرمن چانسلر کو افغانستان میں امن وامان اور طالبان کے خلاف نیٹو افغان فورسز کی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اس سلسلے میں تعاون کرنے پرجرمنی کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :