مشرق وسطی اور ایران کی صورتحال پر غور کے لئے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ کونڈو لیزا رائس ، یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ ہاوئیر سولانا اور جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر اسٹینمیئر کی ملاقات

منگل 20 مارچ 2007 12:00

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 مارچ 2007 ) مشرق وسطی اور ایران کی صورتحال پر غور کے لئے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ کونڈو لیزا رائس ، یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ ہاوئیر سولانا اور جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر اسٹینمیئر نے ملاقات کی ہے۔ واشنگٹن میں ہونے والی اس ملاقات میں مشرق وسطی کے بحران فلسطین کی صورتحال اور خصوصی طور پر رواں ہفتے سلامتی کونسل میں ایران پر پابندیوں کے حوالے سے قرارداد کے حوالے سے غور کیا گیا ۔

اجلاس کے بعد امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران سلامتی کونسل کی جانب سے یو رینئم کی افزودگی روکنے کے حوالے سے قراردادپر مقررہ وقت میں عملدرآمد میں ناکام رہا ہے جس کے بعد اسے سلامتی کونسل کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا تاہم ایران کے پاس مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔

(جاری ہے)

جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر اسٹینمیئر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ایران کی صورتحال کے حوالے سے مفصل بات چیت ہوئی ہے ۔

مسئلہ فلسطین کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ کونڈو لیزا رائس جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ ہاوئیر سولانا نے فلسطین کی نئی قومی حکومت کے قیام کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ کوئی ذیادتی نہیں کی جائے گے۔ اور ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کو مستحکم بنانے کے لیئے ہر ممکن امداد کی جائے گی۔ واضح رہے کہ امریکہ نئی فلسطینی حکومت کی اقتصادی امداد فراہم نہ کرنے کا پہلے ہی کہہ چکا ہے۔