سپریم جوڈیشل کونسل کی سماعت ملتوی ہونے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں،محمد علی درانی،صدر کا انتخاب آئین کے مطابق ہو گا اور صدارتی انتخابات رواں سال ہوں گے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، سب کو اس کا احترام کرنا ہو گا، بیرون ملک قیادت سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، بے نظیر نواز شریف مجوزہ ملاقات کا ملکی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ملاقات ناکام ہو گی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی افغان خواتین صحافیوں کے اعزاز میں دی گئی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

منگل 20 مارچ 2007 23:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2007ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی سماعت ملتوی ہونے کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ ایس جے سی کا اپنا فیصلہ ہے، جسٹس رانا بھگوان داس آج وطن واپس پہنچیں گے اور حلف لیں گے جس کے بعد اس کا باقی عمل شروع ہو گا، صدر کا انتخاب آئین کے مطابق ہو گا اور صدارتی اور عام انتخابات 2007ء میں ہی ہوں گے، بیرون ملک قیادت سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے، سب کو قانون کا احترام کرنا ہو گا، نواز شریف بے نظیر کی ملاقات کا ملک پرکوئی اثر نہیں پڑے گا، یہ ملاقات بھی اے پی سی کی طرح ناکام ہو گی، صدر مشرف تمام پاکستانیوں کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں افغان خواتین صحافیوں کے اعزاز میں دی گئی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سپریم جوڈیشل کونسل کی سماعت ملتوی ہونے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی سماعت ملتوی ہونے کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے یہ سپریم جوڈیشل کونسل کا اپنا فیصلہ ہے کیونکہ بدھ کو جسٹس رانا بھگوان داس وطن واپس پہنچیں گے اور حلف لیں گے جس کے بعد ان کا باقی عمل شروع ہو گا۔

سیاسی صورتحال کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صدارتی اور عام انتخابات 2007ء میں ہی ہوں گے جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا صدارتی انتخاب موجودہ اسمبلیوں سے ہو گا یا آنے والی اسمبلیوں سے جس پر انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ آئین کے مطابق ہو گا۔ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کا سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور اس کا کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا کیونکہ یہ ایک سماجی ملاقات ہے اور ان دونوں رہنماؤں کا پاکستان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات بھی اے پی سی کی طرح ناکام ہو گی۔ بلوچستان کی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گوادر پورٹ کے افتتاح کے بعد ملک میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا باب شروع ہو گا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ صدر مشرف نے اپنے ایک انٹرویو میں بے نظیر کیلئے نرم گوشہ ظاہر کیا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ صدر مشرف کا تمام پاکستانیوں کیلئے نرم گوشہ ہے تاہم بے نظیر بھٹو اور نواز شریف جب بھی پاکستان آئیں گے ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو قانون کا احترام کرنا ہو گا کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بیرون ملک قیادت کے ساتھ کوئی ڈیل ہے ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے۔