پی آئی اے کی یورپ میں پابندی تکنیکی مسئلہ ہے جسے جلد حل کرلیا جائیگا۔ یورپی یونین۔بوئنگ 777 کو یورپ میں لینڈنگ کی اجازت ہے‘ آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت جلد ہوگی‘ جرمن سفیر کا تقریب سے خطاب

جمعرات 22 مارچ 2007 14:18

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 مارچ 2007) یورپی یونین نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی یورپ میں پابندی ٹیکنیکل مسئلہ ہے جسے جلد حل کرلیا جائے گا‘ بوئنگ 777 کو یورپ میں لینڈنگ کی اجازت ہے‘ پاکستان کے ساتھ آزادتجارت کے معاہدے پر بات چیت جلد ہوگی‘ مئی کے آخر میں دونوں اطراف کا جوائنٹ کمیشن تشکیل دیا جائے گا جس سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار جرمنی کے سفیر نے جمعرات کے روز یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جرمن سفیر نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ میں پرواز پر پابندی ٹیکنیکل مسئلہ ہے جسے جلد حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے بوئنگ 777 کو یورپ میں لینڈ کرنے کی باقاعدہ اجازت دے رکھی ہے وہ لینڈ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جرمن سفیر نے ان خبروں کی تردید کی کہ پاکستان نے یورپ کی ائربس خریدنے کے بجائے امریکہ کے بوئنگ طیارے خریدنے پر یہ کارروائی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے یہ خالصتاً ٹیکنیکل مسئلہ ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کیساتھ یورپی یونین کی طرف سے آزاد تجارت کے معاہدے کی بات چیت ضرور ہوگی یہ خبر بے بنیاد ہے کہ یہ بات چیت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے آخری ہفتے میں دونوں اطراف کا ایک جوائنٹ کمیشن بنایا جائے گا جس کی پہلی میٹنگ اسلام آباد میں ہوگی۔ جرمن سفیر نے کہا کہ اس سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کا نیا دور شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :