آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ تمام بڑی سڑکیں ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہیں ۔ کرنل نسیم۔۔ مظفر آباد سے راولپنڈی ‘ باغ سے راولپنڈی اور راولاکوٹ سے راولپنڈی شاہرات کو ہر طرح کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے‘ چند جگہوں پر زیادہ سلائیڈنگ ہے جس کو کل کھول دیا جائے گا۔بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد متاثرین کو ہر ممکن مدد دی جائے گی‘ وزیر تعمیرات عامہ کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 22 مارچ 2007 16:14

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 مارچ 2007) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ بحالی و تعمیر نو کرنل (ر) راجہ محمد نسیم خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑکیں بحال کردی گئی ہیں‘ راولپنڈی سے مظفر آباد براستہ کوہالہ‘ مظفر آباد سے اٹھ مقام‘ کوہالہ سے دھیر کوٹ باغ اور راولپنڈی سے باغ براستہ ٹائیں ڈھلکوٹ شاہرات بحال کردی گئی ہیں جبکہ راولاکوٹ‘ راولپنڈی شاہراہ‘ گوئی نالہ سڑک بھی ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے جبکہ باغ سے سدھن گلی اور چکار سے سدھن گلی روڈ کل جمعہ تک بحال کردی جائے گی‘ پی ڈبلیو ڈی کے انجینئروں نے دن رات محنت کرکے سڑکوں کو بحال کیا ہے‘ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں‘ تمام ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے خصوصی احکامات جاری کئے جاچکے ہیں‘ لینڈ سلائیڈنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امدادی رقم ان کے گھروں تک پہنچا دی گئی ہے‘ لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیکر متاثرین کی مدد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز یہاں صحافیوں کو آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کی تباہ کاریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کرنل نسیم نے بتایا کہ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکیں ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی ہیں۔ راولپنڈی سے مظفر آباد براستہ کوہالہ اور راولپنڈی سے باغ براستہ ٹائیں ڈھلکوٹ اور راولپنڈی سے راولاکوٹ براستہ گوئی نالہ شاہرات ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مظفر آباد سے دھیر کوٹ‘ دھیر کوٹ سے باغ اور ڈھلی سڑک ہر طرح کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہے۔ اسی طرح باغ سے راولاکوٹ سڑک کو بھی کھول دیا گیا ہے۔ کوہالہ چکار سڑک کھول دی گئی تھی لیکن دوپہر کو پھر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے تاہم اس لینڈ سلائیڈنگ کو جلد ہٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ باغ سے سدھن گلی سڑک آج جمعہ کے روز تک بحال کردی جائے گی اسی طرح سدھن گلی سے چکار سڑک بھی آج کھول دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کہوٹہ اور محمود گلی روڈ بھی آج جمعہ کے روز کھول دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر دن رات ایک کرکے لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھولنے میں مصروف ہیں۔ چالیس کے قریب ڈوزر اور دیگر مشینری سڑکوں کی بحالی میں مصروف ہے۔ کرنل نسیم نے بتایا کہ نیلم ویلی شاہراہ پٹہکہ کے قریب بند ہے جس کو جمعہ کے روز تک کھول دیا جائے گا تاہم پٹہکہ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ مسلسل چل رہی ہے جس سے امدادی کاموں میں رکاوٹ ہورہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی ۔ کمشنرز کو متاثرین کے نقصانات کا جائزہ لینے کے احکامات پہلے ہی جاری ہوچکے ہیں۔ نقصانات کا تخمینہ لگنے کے بعد متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے جن لوگوں کے مکانات تباہ ہوگئے ہیں ان کو معاوضہ دیا جائے گا اس کے علاوہ جن لوگوں کے پاس زمین نہیں بچی ان کو مکان بنانے کے لئے متبادل زمین دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بارش سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر اپنا غیر ملکی دورہ ملتوی کیا ہے حکومت متاثرین کی بحالی میں کوئی کمی نہیں چھوڑے گی۔

متعلقہ عنوان :