پاکستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعے مکمل جمہوری حکومت کا قیام ترجیح ہے ۔ امریکہ۔عوام کو اپنی مرضی کی قیادت کے انتخاب کا موقع ملنا چاہئے‘ عدلیہ کا بحران حساس معاملہ ہے جسے ملکی آئین کے مطابق حل کرنا چاہئے۔وردی صدر پرویز مشرف کا ذاتی معاملہ ہے‘ فیصلہ بھی انہوں نے کرنا ہے‘ محکمہ خارجہ کے سینئر ترجمان کی صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 23 مارچ 2007 12:16

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23 مارچ 2007) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعے مکمل جمہوری حکومت کا قیام ہماری ترجیح ہے‘ عوام کو اپنی مرضی کی قیادت کے انتخاب کے فیصلے کا موقع ملنا چاہئے‘ عدلیہ کا بحران حساس معاملہ ہے جسے ملکی آئین اور قانون کے مطابق احتیاط سے حل کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن فارن پریس سنٹر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محکمہ خارجہ کے سینئر ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعے ایک مکمل جمہوری حکومت کا قیام امریکہ کی ترجیح ہے اور پاکستان کے عوام کو موقع ملنا چاہئے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق قیادت کا انتخاب کریں۔

صدر پرویز مشرف کی وردی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ یہ ان کا اپنا معاملہ ہے جس کا فیصلہ بھی انہوں نے ہی کرنا ہے تاہم ترجمان نے امید ظاہر کی صدر پاکستان وردی سے متعلق ملکی آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ چیف جسٹس کو غیر فعال کئے جانے کے بعد پاکستان میں صورتحال حساس ہے اور عدلیہ کے معاملات کو انتہائی احتیاط سے ملکی آئین کے مطابق ہینڈل کرنا چاہئے۔