کراچی اسٹاک ایکسچینج میں اس ہفتہ کے دوران مندی رہی اور انڈیکس 11300کی سطح سے نیچے آ گیا

ہفتہ 24 مارچ 2007 17:45

کراچی( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24 مارچ 2007) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں اس ہفتہ کے دوران مندی رہی اور انڈیکس 11300کی سطح سے نیچے آ گیا ۔اس ہفتہ کا آغاز 233 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ہوا اور سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مارچ بحران پر 5 ممبران سمیت دیگر بروکرز کو شو کاز نوٹس جاری کئے جانے کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اپنائے رکھا۔

دوران ہفتہ مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر رہی جبکہ سرمایہ کاروں نے موجودہ سرمایہ سے بھی خرید وفروخت کرنے سے گریز کیا ۔ہفتہ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 78 پوائنٹس کی کمی کے بعد 11296 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ اس ہفتہ اوسط کاروباری حجم 13 کروڑ شئیرز رہا جو کہ گزشتہ ہفتہ کی مناسبت سے 5 کروڑ شئیر کم ہے۔مارکیٹ کے سرمائے میں32ارب 71 کروڑ25 لاکھ 48 ہزار 477 روپے کی کمی ہوئی اور رواں ہفتہ کے اختتام پر مارکیٹ کا سرمایہ 31 کھر 2 ارب 88کروڑ 83 لاکھ858 روپے سے کم ہو کر 30 کھرب 70 ارب 17 کروڑ 57لاکھ 52 ہزار 81 روپے ہو گیا ۔

(جاری ہے)

اس ہفتہ سب سے زیادہ کام بنکنگ سیکٹر میں ہو ااور بنک الفلاح ، لکی سیمنٹ، اور نیشنل بنک کے شئیرزدوسری کمپنیوں کے مقابلے میں زیادہ خریدے اور فروخت کئے گئے ۔ جبکہ سرمایہ کار انرجی سیکٹر میں بھی سرگرم رہے۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 98 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور 30 انڈیکس 14155 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پی ایس او کی نجکاری کے شیڈول کے اعلان سے آئندہ ہفتہ مارکیٹ میں مثبت اثرات دیکھے جا سکیں گے۔ جبکہ ملک میں غیر یقینی صورتحال اور بحران اب بھی سوالیہ نشان کی طرح باقی ہے۔