بھارت نے ”اوڑی ٹو“ ہائیڈرو منصوبے پر کام شروع کردیا۔ پاکستان کا شدید احتجاج۔۔معاملہ آئندہ ماہ دونوں ملکوں کے درمیان کمشنر کی سطح پر اجلاس میں اٹھایا جائے گا ‘ جماعت علی شاہ کی نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت

اتوار 25 مارچ 2007 13:14

نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25 مارچ 2007) بھارت نے پاکستان کو مطلع کئے بغیر اوڑی ٹو ہائیڈرو کے منصوبے پر یک طرفہ طور پر کام شروع کردیا‘ پاکستان نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ آئندہ ماہ دونوں ملکوں کے درمیان کمشنرز کی سطح پر اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انڈس واٹر کے کمشنر جماعت علی شاہ نے پاکستان روانگی سے قبل نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں دریائے جہلم پر مختلف منصوبوں کے معائنہ کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت نے پاکستان کو مطلع کئے بغیر 240 میگا واٹ کے اوڑی ٹو ہائیڈروکے منصوبے پر یکطرفہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام کی شروعات کے بارے میں مطلع نہ کر نا معاہدے کی روح کے منافی ہے اور یہ مسئلہ آئندہ مئی میں نئی دہلی میں دونوں ملکوں کے کمشنرز کے ائندہ اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔ جماعت علی شاہ سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے جہلم پر منصوبوں کے معائنے کیلئے 19مارچ کو نئی دہلی پہنچے تھے۔ تین رکنی وفد نے دریائے جہلم پر وولر بیراج‘ ون اوڑی‘ لوئر جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ اور اوڑی ٹو سمیت منصوبوں کا جائزہ لیا۔