جنرل مشرف نے چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس بھیج کر اندھیرے میں تیرچلایا ‘اب الزامات تلاش کئے جارہے ہیں ۔ نواز شریف

اتوار 25 مارچ 2007 17:14

جلالپور بھٹیاں( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25 مارچ 2007) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ جیسے معتبر ادارے پر قبضہ کی کوششوں کیخلاف پاکستانی قوم کا وکلاء کیساتھ ملکر احتجاج قابل ستائش ہے ۔ ملک کو درپیش بحرانوں اورتباہی و بربادی کی اصل جڑ فوجی اقتدار ہے جس نے ساری حدیں پامال کردی ہیں اورسارے اداروں کو مفلو ج کر دیاگیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر چوہدری ممتاز تارڑ سے ٹیلیفون پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کسی ادارے کی کوئی حیثیت اور وقت نہیں اہمیت ہے تو صرف ایک شخص کی ہے ۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ اب قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ یہ ملک سولہ کروڑ عوام کا ہے اور یہاں کسی حکومت کرنی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف نے چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس بھیج کر اندھیرے میں تیرچلایا ہے اوراب الزامات تلاش کئے جارہے ہیں ۔انکی کیا یہ ناکامی و رنا اہلی کافی نہیں کہ پیروی کیلئے کوئی وکیل تیار نہیں ہو رہا جبکہ افتخار چوہدری کیساتھ پورا ملک ہے ۔ انہوں نے مستعفی ہونے والے ججز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک ریٹائرڈ جرنیل ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنا چاہتا ہے جسے ملک بھر کے عوام نے روکنا ہے ڈکٹیٹر شپ کے خاتمے کیلئے سب کو باہر نکلنا ہوگا ۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر کو ہدایت کی کہ مسلم لیگی کارکنوں کو ساتھ لیکر حکمرانوں کے خلاف بھرپور احتجاج کریں ۔