متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں نے ARDکی دعوت قبول کرلی ،کراچی میں MMAاور ARDمشترکہ احتجاجی مظاہرہ کریگی

اتوار 25 مارچ 2007 20:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2007ء) ARDکے رہنما زین انصاری نے امیر جماعت اسلامی کراچی اور متحدہ مجلس عمل کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی سے رابطہ کرکے متحدہ مجلس عمل کو الگ احتجاجی مظاہرے نہ کرنے اور تمام اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف مشترکہ مظاہرے کی دعوت دی ہے جسے متحدہ مجلس عمل کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے ایم ایم اے کی دیگر جماعتوں سے مشورے کے بعد قبول کرلیا اور اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ26مارچ کو کراچی میں متحدہ مجلس عمل ARDاور اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرے گی اور 26 مارچ کو 3بجے ریگل چوک سے برآمد ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں متحدہ مجلس عمل میں شامل تمام جماعتوں کے رہنما اور بڑی تعداد میں کارکنا ن شرکت کرینگے۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں متحدہ مجلس عمل کی جماعتوں جمعیت علماء اسلام،جمعیت علماء پاکستان،تحریک اسلامی،جمعیت اہلحدیث،جمعیت علماء اسلام(س)اور جماعت اسلامی کے رہنماوں کے علاوہ دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مقامی رہنما شرکت کرینگے۔متحدہ مجلس عمل کے رہنماوں نے اپنی اپنی جماعت کے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہاایمپریس مارکیٹ میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کرنے کے بجائے تین بجے ریگل چوک کے مظاہرے میں بڑی تعداد میں شرکت کریں اور مشرف حکومت کے خاتمے کے لیے بھرپور احتجاجی مہم کو جاری رکھیں گے۔