عدالتی مسائل چوک چوراہے میں لائے گئے تو ملک مزید مشکلات کی دلدل میں پھنس جائے گا،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید

پیر 26 مارچ 2007 15:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2007ء ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ غیر فعال چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا معاملہ عدلیہ پر چھوڑ دیا جائے اگر عدالتی مسائل چوک اور چوراہے پر لائے گئے تو ملک مزید مشکلات کی دلدل میں پھنس جائے گا ۔ سیاست دان وکلاء کے کندھے استعمال کررہے ہیں صدر مشرف اہم سفارتی مشن پر جارہے ہیں موجودہ حالات میں یہ اہمیت کا حامل ہے ۔

صدر مملکت جنرل پرویز مشرف کا جلسہ عام منافق اپوزیشن کا جنازہ نکال دے گا پیپلز پارٹی کے بیانات سے ہماری قبل از وقت کامیابی سامنے آگئی ہے جلسہ عام کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں وہ پیر کو لیاقت باغ جلسہ گاہ دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت اور ڈھوک چراغ دین میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ناظم راول ٹاؤن شیخ راشد شفیق،ڈاکٹر جمال ناصر اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے لیاقت باغ جلسہ گاہ کا تفصیلی دورہ کیا وہاں پر موجود متعلقہ حکام نے انہیں تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی شیخ رشید احمد نے جلسہ عام کے حوالے سے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج صدر مملکت جنرل پرویز مشرف راولپنڈی سے عوام سے ملنے کیلئے راولپنڈی لیاقت باغ پہنچ رہے ہیں اس جلسہ عام کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں یہ جلسہ عام انتہائی کامیاب ہوگا ۔

شیخ رشید احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غیر فعال چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا فیصلہ عدلیہ پر چھوڑ کر انتظار کی ضرورت ہے وکلاء برادری سادی ہے ہمارے چند منافق سیاستدان ان کے کندھے استعمال کررہے ہیں اگر سیاستدان عدالتی مسئلے چوکوں اور چوراہوں پر لے آئے تو ملکی حالات خراب سے خراب تر ہوجائیں گے اور ملک بحران میں چلا جائیگا صدر مملکت جنرل پرویز مشرف کی بیرونی ملک دورہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ صدر مشرف اہم سفارتی مشن پر دنیا کے بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں بیرو ن ممالک کا دورہ کررہے ہیں موجودہ عالمی صورت حال میں صدر مشرف کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نالہ لئی ہائی وے ایکسپریس اور صدر مشرف جلسہ عام پر تنقید کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں جلسہ عام کے انعقاد سے قبل ہی پیپلز پارٹی کے مخالف بیانات سے ثابت ہوگیا ہے کہ ہمارا جلسہ عام کامیاب ہوگا یہ خوشخبری تو ہمیں قبل از وقت مل گئی ہے قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ صدر مملکت جنرل پرویز مشرف آج 27 مارچ کو لیاقت باغ میں جلسہ عام اور نالہ لئی ایکسپریس کے سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر اہم اعلانات کریں گے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام صدر مملکت جنرل پرویز مشرف کی منتظر ہے اب بس انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں آج کے جلسہ میں راولپنڈی کی عوام جوش و خروش سے شامل ہوکر ثابت کردیں گے کہ وہ حقیقی معنوں میں صدر مشرف کے حامی ہیں اور وہ آئندہ بھی صدر مشرف کو ہی صدر دیکھنا چاہتے ہیں آج راولپنڈی میں صدر مملکت جنرل پرویز مشرف کا جلسہ عام منافق اپوزیشن کا جنازہ نکال دے گا ۔

متعلقہ عنوان :