کراچی،ہوٹل شیرٹن میں 12 گھنٹے میں دو بار بم کی جھوٹی اطلاع ، ہوٹل خالی کراکر تلاشی لی گئی ۔تفصیلی خبر

پیر 26 مارچ 2007 17:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2007ء) کراچی کے ہائی سیکورٹی زون میں واقع فائیو اسٹار ہوٹل میں بارہ گھنٹے میں بم کی دو مرتبہ اطلاع سے شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔ دونوں مرتبہ تلاشی لینے پر اطلاع غلط ثابت ہوئی ۔ پہلی اطلاع اتوار اور پیر کی درمیانی رات نامعلوم شرپسند نے فائیو اسٹار ہوٹل شیرٹن کے سیکورٹی سپروائزر عمران کو دی اور کہا کہ ہوٹل میں طاقتور بم موجود ہے جو کسی بھی وقت خوفناک دھماکے سے پھٹ جائے گا ۔

عمران نے مذکورہ اطلاع ہوٹل انتظامیہ کو دی جنہوں نے فوری طو رپر پولیس ، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو دطلب کرلیا ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ہوٹ کو خالی کراکے تلاشی کا کام شروع کیا اور تقریباً صبح 4بجے ہوٹل کو کلیئر قرار دیدیا ۔ اس دوران ہوٹل میں ٹھہرے تمام ملکی و غیر ملکی افراد اور ہوٹل کا عملہ ہوٹل کے باہر سڑک کافی فاصلے پر موجود رہا ۔

(جاری ہے)

بم کی اطلاع جھوٹی ثابت ہونے پر ہوٹل مین ٹھہرے تمام مہمانوں کو واپس کمروں میں بھیج دیا گیا ۔ تاہم چند گھنٹوں بعد ہی دوسری اطلاع آرٹلری میدان پولیس کو پیر کی صبح ساڑھے گیارہ بجے موصول ہوئی جس میں ایک شخص جس نے اپنا نام جاوید بتایا اور کہاکہ وہ ہوٹل کے کنٹرول روم سے بات کررہا ہے اور ہوٹل میں بم رکھا ہے جس پر پولیس نے دوبارہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مددسے ہوٹل کی تلاشی لی ۔ ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کنٹرول روم سے پولیس کو ایسی کوئی اطلاع نہیں دی گئی تاہم دوسری مرتبہ بھی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تقریباً 2 گھنٹی تک مکمل تلاشی کے بعد عمارت کو کلیئر قرار دیدیا ۔

متعلقہ عنوان :