وزیر اعظم بے نظیر ،وزیر اعظم نواز شریف ، اپوزیشن کے مظاہرے میں مخالف نعروں پر کشیدگی

پیر 26 مارچ 2007 17:37

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2007ء) چیف جسٹس افتخار چوہدری کو غیر فعال کرنے کے خلاف اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے احتجاجی مظاہرے کی کال پر راولپنڈی کچہری چوک میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے دوران کارکنان کی جانب سے جیوے بھٹو ، وزیر اعظم بے نظیر اور وزیر اعظم نوازشریف کے الگ الگ نعرے لگانے پر تلخ کلامی ہوگئی ، قائدین روکتے رہے لیکن کسی نے بات نہ مانی ، تفصیلات کے مطابق پیر کو احتجاجی مظاہرے میں اس وقت صورتحال خراب ہوگئی جب ایک جیالے نے جیوے بھٹو کا نعرہ لگایا تو مسلم لیگی کارکنان جوش میں آگئے اور وزیر اعظم نواز شریف کے نعرے لگانے شروع کر دیئے ادھر پیپلز پارٹی والوں نے بے نظیر کے نعرے لگانے شروع کر دیئے دونوں جماعتوں کے کارکنان آپس میں الجھ پڑے اور تلخ کلامی بھی ہوئی ، قائدین اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے شور کرتے رہے کہ اے آر ڈی کے نعرے لگائے جائیں آخر میں جہانگیر بدر کے نعرے کے بعد پھر صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔