رواں سال پاکستان ضرور جاوٴں گی ۔ بے نظیر بھٹو ۔۔ملک میں مکمل جمہوریت چاہتی ہوں اس لئے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) مل کر جدوجہد کریں گی اورہماری جدوجہدکا مقصد صرف ملک میں مکمل جمہوریت کی بحالی ہے، قومی کھلاڑیوں کا باب وولمر کی موت اور میچ فکسنگ سے کوئی تعلق نہیں ۔پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن کا بھارتی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو

منگل 27 مارچ 2007 18:16

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27 مارچ 2007) پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹونے کہاہے کہ پاکستان میرا ملک ہے اور میں اس سال ضرورپاکستان جاؤں گی، ملک میں جمہوریت چاہتی ہوں، قومی کھلاڑیوں کا باب وولمر کی موت اور میچ فکسنگ سے کوئی تعلق نہیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اپنی ٹیم پرمکمل اعتماد ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز بھارتی ٹی وی چینل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔

بینظیر بھٹو نے کہا کہ نے عدلیہ کے موجودہ بحران کے بارے میں کہاکہ صدرمشرف نے عدلیہ پرقابو پانے کی کوشش کی تاکہ وہ اپنی مرضی کے فیصلے کرواسکیں حالانکہ ان کاچیف جسٹس سے کوئی اختلاف نہیں تھا۔محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہا کہ میں صرف اپنے ملک میں مکمل جمہوریت چاہتی ہوں اس لئے میری جماعت اور مسلم لیگ (ن) مل کر جدوجہد کریں گی اورہماری جدوجہدکا مقصد صرف ملک میں مکمل جمہوریت کی بحالی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے کو قبل از وقت قرار دیا۔کھیلوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بے نظیربھٹو نے کہا کہ ومبلڈن میں بھی اس مرتبہ ایک بڑا اپ سیٹ ہوا ہے اورجہاں تک کرکٹ میں پاکستان کی شکست کا تعلق ہے توکھیلوں میں کبھی کبھاراپ سیٹ ہوجاتا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ ہمارے کھلاڑیوں کا باب وولمر کی موت سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں اور نہ میچ فکسنگ سے۔

انہوں نے کہا کہ انکوائری ہورہی ہے اور اس کی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پرمکمل اعتماد ہے اور ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے خودسوال کیاکہ بھارت کی ٹیم بھی توہارگئی اور ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی تو آپ کیاکہیں گے؟ بے نظیر بھٹو نے باب وولمرکی موت پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔