قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کی سب کمیٹی کا پاکستان سکول آف فیشن اینڈ ڈیزائن لاہور کے بورڈ کی تشکیل پر عدم اطمینان کا اظہار

منگل 27 مارچ 2007 20:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2007ء) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کی سب کمیٹی نے لاہور میں پاکستان سکول آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے بورڈ اور ایگزیکٹو کی تشکیل پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ کمیٹی میں شعبہ کی اچھی شہرت کی حامل تجربہ کار شخصیات کو شامل کیا جائے ، تفصیلات کے مطابق سب کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کی کنویئر مسز کشمالہ طارق کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں پاکستان سکول آف فیشن اینڈ ڈیزائن لاہور کے بورڈ کے ارکان کی تقرری کے معیار اور تمام ملازمین کی تقرریوں کی شرائط قواعد وضوابط پر غوروخوض کیا گیا کمیٹی نے اجلاس کے دوران سکول آف فیشن اینڈ ڈیزائن کی پرنسپل کو ہدایت کی کہ وہ پراجیکٹس کی کنسلٹنٹس کی تقرریوں کے معیار وغیرہ کے بارے میں کمیٹی کو آگاہ کریں ، کمیٹی نے فیشن ڈیزئن کو عالمی معیار کے بربار لانے کیلئے مختلف فیکلٹیز کو اپ گریڈ کرنے کی بھی سفارش کی اجلاس میں قومی اسمبلی کے ارکان محمد پرویز ملک ، مسز طاہرہ آصف ، رانا طارق جاوید اور مسزافسر بیگم نے شرکت کی ۔