چین سے سری سیڈ معاہدہ طے پاگیا ، یورپی یونین سمیت دیگر ممالک سے بات چیت جاری ہے،وزیراعظم شوکت عزیز

جمعرات 29 مارچ 2007 19:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2007ء) وزیر اعظم پاکستان شوکت عزیز نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ سری سیڈ معاہدہ طے پاگیا ہے۔اور یورپی یونین سمیت دیگر ممالک سے بھی اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔جس کے بعد توقع ہے کہ ان ممالک سے بھی معاہدہ طے پاجائے گا وہ جمعرات کو ایکسپو 2007نمائش کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان،وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم،وفاقی وزیر تجارت ہمایوں اختر خان و دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی میں ایکسپورٹ کی بڑی اہمیت ہے اور حکومت ایکسپورٹ بڑھانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے اور یہ چاہتی ہے کہ بیرونی دنیا کی ماریکیٹوں میں ایکسپورٹ کے لئے دروازے کھلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ بڑھنے سے پیداوار بھی بڑھتی ہے اور روزگار کے بڑے پیمانے پر مواقع میسر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش ہر سال منعقد ہوتی ہے اور اس سال بھی یہ نمائش ہورہی ہے اور اس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شرکت کررہے ہیں جن میں بیرونی وفود بھی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت اور نجی شعبے کو بھی خصوصصی مراعات دے رہی ہے تاکہ بیرونی منڈیوں میں پاکستان کی زیادہ سے زیادہ اشیاء متعارف کرائی جاسکیں اور ملکی اقتصادی اور معاشی صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم ہے اور اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ملکی ترقی کی راہ میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ نمائش میں دو سو سے زائد اسٹال لگائے گئے تھے جن میں ٹیکسٹائل،فارما سیوٹیکل،ایگریکلچر،انرجی،میڈیسن اور انجینئرنگ کی صنعت کے اسٹال شامل ہیں۔