وکلا ، ججز اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک کو قومی تحریک بنا کر عدلیہ کو آزاد کرایا جائے گا،قاضی حسین احمد،تحریک جب زور پکڑے گی تو تمام اپوزیشن جماعتوں کی رائے سے استعفوں کے بارے میں غور کیا جائے گا،ایم ایم اے کے سربراہ کا کراچی بار ایسوسی ایشن سے خطاب

جمعرات 29 مارچ 2007 20:47

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2007ء) ایم ایم اے کے رہنما قاضی حسین احمدنے کہا ہے کہ وکلا ، ججز اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک کو قومی تحریک بنا کر عدلیہ کو آزاد کرایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ تحریک جب زور پکڑے گی تو تمام اپوزیشن جماعتوں کی رائے سے استعفوں کے بارے میں غور کیا جائے گا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ جسٹس افتخار چوہدری نے عدلیہ کے وقار پر کوئی دباوٴ قبول نہیں کیا اور وکلا نے تحریک پیداکرکے اسے مضبوط کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وکلا برادری اور ججز کو عدلیہ کی آزادی کے لئے ہم اپنے کاندھے پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تحریک کو قومی تحریک بنایا جائے تو عدلیہ آزاد ہوگی ۔قاضی حسین احمد نے کہا کہ یہ جدوجہد سیاسی اقتدار کے لئے نہیں بلکہ عدل وانصاف کی آزادی کے لئے ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ2007 اہم فیصلوں اور انتخابات کا سال ہے اور حکومت انجینئرڈ الیکشن کرانا چاہتی ہے تاکہ لین دین ہوسکے اور کچھ لوگ اس کے لئے بھاگ دوڑ کررہے ہیں۔صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک زور پکڑے گی تو اپوزیشن جماعتوں کی رائے سے استعفوں کے بارے میں سوچا جائے گا۔قاضی حسین احمد نے کہا کہ سیاست کو آئین اور انصاف کی جدوجہد سے علیحدہ نہیں کیا جاسکتا۔