کراچی اسٹاک ایکسچینج میں آج سال دو ہزار سات میں دوسری بار کم ترین کاروباری حجم ریکارڈ کیا گیا

پیر 2 اپریل 2007 14:46

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں آج سال دو ہزار سات میں دوسری بار کم ترین کاروباری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2007ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں آج سال دو ہزار سات میں دوسری بار کم ترین کاروباری حجم ریکارڈ کیا گیا۔ ہنڈریڈ انڈیکس چھ پوانٹس کے اضافے کے ساتھ گیارہ ہزار دو سو ستتر پر بند ہوا، مجموعی کاروبار صرف پانچ کروڑ نوے لاکھ حصص کا ہوا، اس سے قبل تین جنوری کو روان سال کا کم ترین کاروباری حجم ریکارڈ کیا گیا تھا، جو صرف دو کروڑ پینسٹھ لاکھ تھا۔

(جاری ہے)

گذشتہ دنوں کی طرح آج بھی سیشن کا آغاز مارکیٹ نے ملے جلے انداز میں کیا، ملکی سیاسی معاملات میں عدم استحکام اور کل بروکروں کی سماعت کا آخری دن ہونے کا باعث مارکیٹ میں اس حوالے سے مختلف منفی افواہوں کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے سائیڈ لائن رہنے کو ترجیح دی۔ اور کاروباری حجم میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی۔ والیم لیڈر پانچ پیسے کے اضافے کے ساتھ فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کا حصص رہا، جس میں صرف ستاون لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔