پاکستان کو چین جیسی عالمی قوت کے ساتھ اپنی منفرد تاریخی اور کثیر الجہتی دوستی اور سٹریٹجک تعلقات پر فخر ہے،وزیراعظم شوکت عزیز،چین کو بھی اس دوستی پر فخر ہے اور ہم پاکستان کو اپنا ہمسایہ دوست اور بھائی سمجھتے ہیں،چینی وزیر خارجہ

پیر 2 اپریل 2007 18:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کو چین جیسی عالمی قوت کے ساتھ اپنی منفرد تاریخی اور کثیر الجہتی دوستی اور سٹریٹجک تعلقات پر فخر ہے دونوں ملکوں کے تعلقات علاقے میں امن اور استحکام کا ذریعہ ہیں ۔پیر کو یہاں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ مسٹر لی یاؤ شنگ سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے دونوں ملکوں کے تعلقات دوطرفہ اعتماد ، جامع تعاون اور تمام علاقائی و عالمی امور پر مشترکہ موقف کی بنیاد پر قائم ہیں ۔

پاکستان چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور عالمی حالات اس پر اثر انداز نہیں ہوتے ، اعلی سطحی دورے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی ، سیاسی ، اقتصادی ، دفاعی ، سیکورٹی ، سائٹس وٹیکنالوجی ، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں پر گہرے تعلقات کا واضح ثبوت ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان سارک تنظیم میں چین کی مبصر کی حیثیت سے شرکت کا خیر مقدم کرتا ہے اس سے سارک تنظیم علاقائی سطح پر اہم اقتصادی وتجارتی بلاک بن سکتی ہے ۔

چین کی جغرافیائی حیثیت اسے جنوبی ایشیاء کا قدرتی ساتھی بناتی ہے چین سارک کے مزید استحکام کا سبب ہوگا دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان گوادر کی بندرگاہ کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے چین کی حمایت اورامداد کی قدر کرتا ہے ، گوادر کی بندرگاہ سے نہ صرف سامان کی نقل وحرکت ہوگی بلکہ اسے توانائی کی بندرگاہ بھی بنایا جاسکتا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ چین کے بھی مفاد میں ہے ۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا خاص طور پر پاک بھارت مذاکرات کے ذریعے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ، مسئلہ کشمیر کے حل کی پاکستان کی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا ۔ وزیر اعظم نے معزز مہمان کو افغانستان کی صورتحال اور ایران کے بارے میں پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے اپنے حالیہ دورہ ہانگ کانگ میں شاندار خیر مقدم اور مہمان نوازی پر چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی چین کے ساتھ دوستی عوامی سطح پر پائی جانے والی محبت اور مفاہمت کے ذریعے مستحکم سے مستحکم تر ہو رہی ہے ۔

پاکستان عوامی رابطے بڑھانے کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ طلباء ، سیاحوں اور ثقافتی وفود کا تبادلہ کیا جائے ۔ چینی وزیر خارجہ نے چین کو سارک میں مبصر کا درجہ دلوانے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک چین دوستی مزید فروغ پاتی رہے گی ،چین کو بھی اس دوستی پر فخر ہے اور ہم پاکستان کو اپنا ہمسایہ دوست اور بھائی سمجھتے ہیں ۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین وزیر اعظم کے دورے کا منتظر ہے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات اور ثقافتی ،سیاسی ، اقتصادی ، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے باب کا اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارت کے حالیہ سمجھوتے سے آئندہ پانچ سالوں میں دو طرفہ تجارت پانچ ارب ڈالر سے بڑھ کر پندرہ ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات محمد علی درانی ، وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ ، سینیٹر مشاہد حسین ، ڈپٹی چیئر مین منصوبہ بندی کمیشن اکرم شیخ اور پاکستان میں چینی سفیر لاؤ ژاؤ ہوئی سمیت دیگر حکام موجود تھے ۔