پاکستان ، افغانستان اور بھارت میں زلزلے کے شدید جھٹکے۔ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی ، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ عمارتیں لرز اٹھیں ، لوگ خوف کے مارے سڑکوں پر آئے، کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے

منگل 3 اپریل 2007 11:44

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03 اپریل 2007) پاکستان ، افغانستان اور بھارت میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جن کی ریکٹر سکیل پر شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی ہے تاہم اس دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح 8 بج کر 35منٹ پر پاکستان ، افغانستان اور بھارت میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس کی ریکٹر سکیل پر شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔

جس سے زمین کے اندر سو سو کلو میٹر تک اتعاش محسوس ہوا ۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ اس سے عمارتیں لرز اٹھیں اور لوگ خوف کے مارے گھروں سے سڑکوں پر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھٹکوں کی شدت راولپنڈی ، اسلام آباد ، پشاور ، کوہاٹ ،ہنگو ، کرک اور شمالی علاقہ جات سمیت آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں بھی محسوس کئے گئے ۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندو کش تھا ۔ زلزلے کے جھٹکے سے تینوں ممالک میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ واضح رہے کہ 8 اکتوبر 2005ء کو آزاد کشمیر اور صوبہ سرحد کے علاقوں میں 7.8 درجے کا شدید زلزلہ آیا تھا جس سے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 70 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 8 اکتوبر کا الزلہ بھی ساڑھے 8 بجے اور نو بجے صبح کے درمیان آیا تھا۔