صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں سرکاری و اتحادی ایتھوپین فوج کے حملوں میں گذشتہ چار روز کے دوران تین سو اکیاسی شہری ہلاک اور پانچ سو پینسٹھ زخمی ،، سینتالیس ہزار شہری نقل مکانی پر مجبور

منگل 3 اپریل 2007 14:08

موغادیشو ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03 اپریل 2007) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں سرکاری و اتحادی ایتھوپین فوج کے حملوں میں گذشتہ چار روز کے دوران تین سو اکیاسی شہری ہلاک اور پانچ سو پینسٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق سینتالیس ہزار شہری نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں ۔ انسانی حقوق کی مقامی تنظیم ایلمن پیس اور ہیومن رائٹس آرگنائیزیشن کے چیئرمین سوڈان علی احمد کے مطابق موغادیشو میں گذشتہ چار روز کے دوران صومالی فوج اور اتحادی ایتھوپین فوج کے حملوں میں تین سو اکیاسی شہری ہلاک اور پانچ سو پینسٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چار روز کے دوران سینتالیس ہزار افراد محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کرگئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ماہ فروری سے اب تک ایک لاکھ سے زائد شہری اپنے مکانات خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صومالیہ کی حکومت نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ محفوظ مقامات کی جانب چلے جائیں۔ حکومت کا کہناہے کہ وہ اتحادی ایتھوپین فوج کے ہمراہ مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں پر مزید حملے کریں گے۔ سرکاری اور اتحادی ایتھوپین فوج نے اتوار کے روز موغادیشو میں مزاحمت کاروں کے خلاف حملے شروع کئے تھے جس میں ایتھوپین فوج کے ٹینک اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے حملے کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :