پاکستان اور بھارت سیاچن کے مسئلہ پر اختلافات دورکرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، منموہن سنگھ،اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات حوصلہ افزا ہیں، دونوں ممالک مسئلہ کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں، بھارتی وزیراعظم کی راشٹریہ پتی بھون میں صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 5 اپریل 2007 22:53

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔ 2007ء) بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے امید ظاہرکی ہے کہ دونوں ممالک سیاچن کے مسئلہ پر اختلافات دورکرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کویہاں راشٹریہ پتی بھون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے بہت پرامید ہوں۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مسئلہ کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات اس حوالے سے حوصلہ افزاء ہیں۔

منموہن سنگھ نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں امن واستحکام کیلئے ہر ممکن کردارادا کرتارہے گا۔ بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاچن کوغیرفوجی علاقہ قراردینے کے حوالے سے کافی حد تک پیشرفت ہوئی ہے تاہم اس ضمن میں کارگل کے تجربے کومدنظر رکھتے ہوئے بھارت پاکستان سے اس بات کی ضمانت چاہتاہے کہ سیاچن پر دوبارہ فوج تعینات نہیں کی جائے گی۔