راولپنڈی لاہور ریلوے ٹریک کو 8 ماہ میں ڈبل کر دیا جائے گا‘ شیخ رشید،ریلوے میں گھوڑے اور گدھے الگ کر دیئے ہیں، گوجرخان میں پنجاب ٹیچرز یونین کے کنونشن اور صحافیوں سے خطاب

جمعرات 5 اپریل 2007 22:54

گوجرخان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔ 2007ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی لاہور ٹریک کو آٹھ ماہ میں ڈبل کر دیا جائیگا، اس کا ٹھیکہ آسٹریلیا اور سپین کی کمپنیوں کو دیا گیا ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں گوجرخان ریلوے سٹیشن پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے میں گھوڑے اور گدھے الگ کر دیئے ہیں لائق لوگوں کو مراعات اور نالائقوں کا بوریا بستر گول کر دیں گے۔

1990ء سے 2000ء تک ریلوے پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا ہم نے تیرہ ٹرینیں چلا کر عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات مہیا کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم راولپنڈی سے لاہور تک تکلیف دہ سفر کم رہے ہیں اس سلسلہ میں 52 موڑوں کو کم کر کے 38 کیا جا رہا ہے ریلوے ٹریک کو سات سے آٹھ ماہ میں ڈبل کر دیا جائے گا جس کا ٹھیکہ آسٹریلیا اور سپین کی کمپنیوں کو دیا گیا ہے غریب عوام کیلئے پاکستان ٹرین چلائی گئی ہے جو خالصتاً غریب عوام کیلئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے سات لوکل ٹرینیں چلائی جائیں گی جس میں گوجرخان سے راولپنڈی کیلئے بھی ٹرین چلائی جائے گی۔ قبل ازیں پنجاب ٹیچرز یونین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم جتنا حساس معاملہ ہے اس پر اتنی ہی غیر سنجیدہ جدوجہد ہو رہی ہے قوم کو زندہ رکھنے کا راز فروغ تعلیم میں پوشید ہے استاد کی تربیت سے ہی عوام باشعور ہوتے ہیں اور عوام مولویوں، اپوزیشن اور حکومت کی بات سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو اپنے فرائض منصبی پر توجہ دینی چاہیے ہمارے استاد فروغ تعلیم کے بجائے سیاست پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی کامیابی اور ناکامی کے ذمہ دار اساتذہ ہی ہیں۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے مطالبات پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ دوسرے صوبوں کی طرح جلد پنجاب کے اساتذہ کو ٹیچرز الاؤنس دیا جائے گا ریلوے ٹکٹ میں اساتذہ کرام کیلئے رعایت کے مطالبہ پر انہوں نے کہا کہ 25فیصد رعایت دینے کی کوشش کروں گا۔

اساتذہ کرام کا مدد گار ہوں جبکہ میری ذمہ داری ریلوے ملازمین کی فلاح و بہبود ہے۔ اس موقع پر انہوں نے گوجرخان ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ٹاؤن ناظم گوجرخان چوہدری محمد عظیم ان کے ساتھ ہمراہ تھے۔ انہوں نے ویٹنگ روم کی خستہ حالی، واش روم کی عدم دستیابی اور پینے کا پانی نہ ہونے پر عملہ کو سرزنش اور راولپنڈی سے ڈی ایس ریلوے کو طلب کر لیا۔ انہوں نے صحافیوں کے کہنے پر پاکستان ٹرین کا سٹاپ گوجرخان میں دینے کا یقین دلایا۔ گوجرخان کے نواحی علاقہ کلیام اعوان میں ریلوے ٹریک اور پلی کی خرابی کا نوٹس لیا۔ انہوں نے موقع پر ڈی ایس راولپنڈی کو گوجرخان ریلوے سٹیشن کے مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔