آئندہ مالی سال کے بجٹ میں میرپورکے لیے ایک ارب روپے اضافی مختص کیے جائیں گے،وزیراعظم آزادکشمیر،میرپورمیں کشمیر فیسٹیول ہرسال منعقدکیا جائے گا،امریکہ اور یورپ کے مختلف ممالک میں قیام پذیرکشمیری آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کریں،تقریب سے خطاب

پیر 9 اپریل 2007 13:49

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اپریل۔ 2007ء) وزیراعظم آزادکشمیر سرارعتیق احمد خان نے میر پورکے لیے آئندہ مالی سال میں ایک ارب روپے کے اضافی ترقیاتی بجٹ کا اعلان کیاہے میر پور میں ملٹی پرپزسٹیڈیم، ریلوے لائن،پرائیویٹ ایئرپورٹ،تھیم پارک اوردیگرعوامی مفادات کے کئی ایک منصوبے شروع کیے جائیں گے میر پور میں ہر سال سات روز کے لیے کشمیرفیسٹیول منعقد کیاجائیگا ۔

میر پورکو جدیدشہربناکراسے رول ماڈل کا درجہ دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات قائد اعظم سٹیڈیم میں سات روزہ کشمیرفیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر آذربائی جان،ترکمانستان،تاجکستان،کرغستان کے سفیروں کے علاوہ ملکی وغیر ملکی کئی ایک اہم شخصیات اورآزادکشمیر کے وزراء اورممبران اسمبلی کی بڑی تعداد موجو دتھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے چیئرمین کشمیرفیسٹیول راجہ محمدیاسین نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردارعتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیر کے لوگ ساری دنیا کے تہذیب وتمدن کو اپنے اندرسمیٹ کرآگے بڑھناچاہتے ہیں کشمیر فیسٹیول کی رنگارنگ تقریبات اس بات کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے فیسٹیول کے انعقاد میں تعاون کرنے والے مختلف پرائیویٹ اداروں،ملٹی نیشنل کمپنیوں اور شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میر پور پاکستان کے لیے فارن ایکسچینج کا درجہ رکھتا ہے یہاں کے لوگوں کی بڑی تعداد یورپ کے مختلف ممالک میں قیام پذیرہے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ میر پور کو جدیدبستی میں تبدیل کرکے اسے دوسروں شہروں کے لیے رول ماڈل بنایاجائے کیونکہ یہاں کے بچے بیرون ملک سے جب وطن واپس آ ئیں تو انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں میرپورمیں مختلف ترقیاتی پراجیکٹ کے لیے ایک ارب روپے اضافی رکھے جائیں گے وزیراعظم نے اس موقع پر دوپروجیکٹ اتھارٹیوں کا اعلان بھی کیا ان میں ایک کو”پراجیکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی،، کانام دیا گیا جس کے چیئرمین کمشنرمیرپورڈویژن اور اس کے ممبران میں ڈپٹی کمشنر،ایڈمنسٹریٹربلدیہ،چیئرمین ضلع کونسل اورممبران اسمبلی ہونگے جبکہ دوسری کو” پراجیکٹ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام،، کانام دیا گیا جس کے چیئرمین کرنل ریٹائرڈراجہ نسیم خان ہونگے اور اس کے ممبران میں ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ، چیئرمین ضلع کونسل اورممبران اسمبلی شامل ہیں۔

یہ ادارے میر پورمیں ملٹی پرپزاسٹیڈیم تھیم پارک اور دیگرترقیاتی منصوبوں کا آغازکریں گے انہوں نے کہا کہ 8اکتوبر2005 کی قیامت کے زلزلہ نے کشمیریوں کی ایک نسل کومتاثرکیا ہے اب ہماری یہ نسل دوبارہ بڑھ رہی ہے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں کام کرنے کے لیے ”ایرا،، اور”سیرا،،دن رات محنت کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کے دل مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں بھارتی جیلوں میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کشمیریوں کے زخموں پرہرایک غمزدہ ہے مادروطن کی آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے تمام لوگ قابل احترام ہیں اللہ تعالی بہت جلدوہ دن دکھائے گا جب کشمیر ی قوم دشمن سے آزادی حاصل کرے گی۔

سردار عتیق نے برطانیہ،کینیڈا،برسلز،امریکہ اوردیگربیرون ممالک میں قیام پذیرکشمیریوں کے علاوہ غیرملکی کمپنیوں اورشخصیات کوآزادکشمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ آزادکشمیر میں تجارت کوفروغ دینے کے لیے یہاں آسکتے ہیں حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

متعلقہ عنوان :