پاکستان میں اسلامی نظام کے مکمل نفاذ تک چلڈرن لائبریری کا قبضہ ختم نہیں کیاجائے گا، مولانا عبدالعزیز۔چوہدری شجاعت حسین سے لال مسجد کے مسئلے کے حوالے سے مذاکرات ہوئے تاہم ان پر واضح کر دیا کہ ملک میں اسلامی نظام کے مکمل نفاذ، فحاشی وجوے کے اڈے اور ویڈیو سنٹرز کے خاتمے تک چلڈرن لائبریری کا قبضہ ختم نہیں کریں گے، ہمیں مغرب کی بجائے اللہ اوراس کے رسول کودیکھنا چاہیے۔ لال مسجد کے خطیب کا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال

منگل 10 اپریل 2007 21:02

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10اپریل2007 ) لال مسجد کے خطیب اورجامعہ حفصہ کے مہتمم مولانا عبدالعزیز نے کہا ہے کہ انہوں نے مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ مذاکرات میں اوضح کر دیاہے کہ جب تک پاکستان میں مکمل اسلامی نظام قائم نہیں ہوتا اور فحاشی اورجوئے کے اڈے اورویڈیو سنٹرز ختم نہیں ہوتے اس وقت تک چلڈرن لائبریری سے قبضہ ختم نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

منگل کے روز یہاں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے لال مسجد کے مسئلے کے حوالے سے مذاکرات ہوئے ہیں جس دوران مسئلے کے حل کیلئے تفصیلی بات چیت ہوئی لیکن میں نے مذاکرات میں واضح کیا کہ جب تک ملک میں مکمل اسلامی نظام قائم نہیں ہوتا اور فحاشی اورجوئے کے اڈے اور ویڈیوسنٹرز ختم نہیں کئے جاتے چلڈرن لائبریری سے قبضہ ختم نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر وقت مغرب کی طرف دیکھتے ہیں جبکہ ہمیں قرآن و سنت اور اللہ اوراس کے رسول کو دیکھنا چاہیے۔ مولانا عبدالعزیز نے مزید کہا کہ ہمارے آئین میں واضح لکھا ہے کہ ملک کا نظام قرآن و سنت کے مطابق چلے گا لیکن یہاں بے حیائی کے اڈے سرعام ہیں اورشراب اورویڈیو کا کاروبار ہو رہا ہے۔