حکومت سے ڈیل نہیں ہو رہی، فضل الرحمان کا بیان حقائق کے منافی ہے ۔ پیپلز پارٹی۔اپوزیشن جماعتوں کو اس طرح کے الزامات سے گریز کرنا چاہیے، ایسے بیانات سے حکومت کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔رضا ربانی

جمعرات 12 اپریل 2007 13:39

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین12اپریل2007 ) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ، مولانا فضل الرحمان کا بیان حقائق کے منافی ہے ، اپوزیشن جماعتوں کو اس طرح کے الزامات سے گریز کرنا چاہیے ، ایسے بیانات سے حکومت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنما و سینٹ میں قائد حزب اختلاف میاں رضا ربانی نے جمعرات کے روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پسند جماعت ہے اور ہر دور میں اس نے ثابت کیا ہے کہ وہ آمریت کے ساتھ نہیں چل سکتی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے ساتھ ڈیل کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان کے بیان میں کوئی حقیقت نہیں ان کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔ رضا ربانی نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے اپوزیشن اتحاد کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور حکومت کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ سب اپوزیشن جماعتیں مل کر حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے کام کریں اور اس طرح کے الزامات سے گریز کریں۔