چیف جسٹس کے سر پر ہاتھ رکھنے سے پولیس ملازم مجرم نہیں بن جاتے ۔ شیخ رشد ۔۔ ریلوے افسران کو بیس بیس کنال کی کوٹھیوں سے باہر نکال کرقیمتی پراپرٹی فروخت کریں گے پریس کانفرنس

ہفتہ 14 اپریل 2007 15:54

ملتان ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین14اپریل2007 ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کا مستقبل کی سیاست میں کوئی کردار نہیں ہے مزید تین سال سعودی عرب گزاریں گے ۔ صدر مشرف موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ منتخب ہوں گے بے نظیر بھٹو نے حکومت سے رابطوں کی تصدیق خود کردی ہے شفاف انتخابات ہر قیمت پر ہوں گے سیاسی جماعتیں وکلاء کے کوٹ میں گھسنے کی بجائے اپنے جھنڈوں میں آئیں ۔

پولیس نہیں رہے گی تو ملک کیسے چلے گا ۔ چیف جسٹس کے سر پر ہاتھ رکھنے سے پولیس ملازم مجرم نہیں بن جاتے ۔ ریل فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ریلوے افسران کو بیس بیس کنال کی کوٹھیوں سے نکال باہر کرکے قیمتی پراپرٹی فروخت کریں گے 5.3ارب کے سرمایہ سے ریل کا ڈبل ٹریک بنایا جارہا ہے پیراشوٹ سے اتر کر وزیر نہیں بنا ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ملتان ریجن کے ریلوے ملازمین سے خطاب اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا مستقبل کی سیاست میں کوئی رول نہیں وہ ملک نہیں آسکتے صرف ٹرانزٹ کے طور پر شوق پورا کرسکتے ہیں شہباز شریف کے متعلق بھی میں نے یہی کہا تھا کہ وہ بھی ٹرانزٹ پر آئے تھے ۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ صدر مشرف کا اقتدا ر قائم رہے گا ان کے اقتدار کے خاتمے کی باتیں خواب ہوسکتی ہیں موجودہ اسمبلی سے صدر منتخب ہوں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مضبوط اتحادی ہے امریکہ کی دوربینیں وزیرستان اور شمالی علاقہ جات میں کام نہیں کریں گی پاکستان سے اتحاد وقت کی ضرورت ہے ایک اور سوال پر وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ میرے بیانات کو اخبارات ٹھیک لکھیں بے نظیر بھٹو نے حکومت سے رابطوں کا اعتراف کیا ہے ریلوے کی زمین پر بنائی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق ابھی نہیں دیئے جارہے ایران اور کوئٹہ کے درمیان 150 بلین ریلوے ٹریک بچھایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ سیاستدان وکلاء کے کالے کوٹ میں گھسے ہوئے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے اپنے جھنڈوں میں جائیں سب مل کر کارکنوں کے اس جلسہ سے زیادہ لوگ جمع نہیں کرپائے ۔

کیونکہ عوام نے ان کو ان کی سیاست کو یکسر مسترد کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سال انتخابات کا سال ہے ریلوے وزارت تمام وزارتوں سے بڑی ہے پنگا لینے والے کا سر کچلنا جانتا ہوں حکومت اور ریلوے ملازمین کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہوں انہوں نے اپنے خطاب میں اس وقت پولیس کو ملک کیلئے ناگزیر قرار دیا جب ایک خاتون درخواست لے کر ان کے ڈائس کی طرف بڑھی شیخ رشید نے کہا کہ پتہ نہیں آج کل جلسوں میں ایسی دو تین عورتوں کو کس طرح لایا جاتا ہے تصویر بنانے سے منع کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پولیس افسر نے چیف جسٹس افتخار چوہدری کے سر پر ہاتھ رکھا اور ان کو بٹھانے کی کوشش کی جب ان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

اگر پولیس نہ ہو تو ملک نہیں چل سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو ریلوے نے نکال باہر کیا ہے نمازی پرہیز گار لوگوں کو کلیدی عہدوں پر لے آئے ہیں آئندہ بھی ریلوے کا وزیر بننا پسند کروں گا عاشق مزا ج ہوں سیٹی بجے ریل کا انجن چلے تو دل کو کچھ ہونے لگتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا صدر مشرف اور وزیر اعظم کی کوششوں سے ریلوے ڈبل ٹریک 5.3ارب کے سرمایہ سے مکمل کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ وہ یونین بازی پر یقین نہیں رکھتے اور نہ ریلوے میں یونین بنانے کی اجازت دیں گے ملازمین کی تنخواہیں بڑھا کر جاؤں گا محنت اور ایمانداری سے پاکستان کے دیہاتوں کو آگے لے کر جاؤں گا آئندہ ہفتے ریلوے کے کرائے میں مزید کمی کرنے کا اعلان کروں گا کرایوں میں کمی کرکے 20 لاکھ مسافروں کا اضافہ ہوا ہے ۔