مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری و تشدد مشرف حکومت کی فسطائیت ہے ۔نواز شریف

مشکلات برداشت کرنے والے کارکنوں کی جدوجہد جلد رنگ لائے گی جبکہ آج کے ڈکٹیٹر ماضی کے آمروں کی طرح یاد کئے جائیں گے، تمام پارٹی رہنما و کارکن گرفتار ہونے اور تشدد کا نشانہ بننے والے ورکرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ا نہیں ہر طرح کی امداد بہم پہنچائیں

ہفتہ 14 اپریل 2007 20:36

لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین14اپریل2007 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر چوہدری نثار علی خان کے جلسے کے منتظمین پر پولیس کے وحشیانہ حملے کو موجودہ حکومت کی لڑکھڑاتی فسطائیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں پر تشدد اور گرفتاریوں کی ذمہ داری جنرل مشرف پر عائد ہوتی ہے، مشکلات برداشت کرنے والے کارکنوں کی جدوجہد جلد رنگ لائے گی اور آج کے ڈکٹیٹر ماضی کے آمروں کی طرح یاد کئے جائیں گے، تمام پارٹی رہنما و کارکن گرفتار ہونے اور تشدد کا نشانہ بننے والے ورکرز کے ساتھ ا ظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں ہر طرح کی امداد بہم پہنچائیں۔

گزشتہ روز یہاں مسلم لیگ کے انٹرنیشنل سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق میاں محمد نواز شریف نے قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر چوہدری نثار علی خان کے جلسے کے منتظمین پر پولیس کے وحشیانہ حملے کو لڑکھڑاتی ہوئی مشرف حکومت کی فسطائیت قرار دیا اور کہا کہ جلسے کا انعقاد کرنے والے کارکنوں پر تشدد اوران کی گرفتاریوں کی ذمہ داری مشرف پر عائد ہوتی ہے جس کا واضح ثبوت ان کی وہ تقریر ہے جو انہوں نے چند روز قبل چوہدری نثار کے حلقہ انتخاب میں کی اور بار بار چوہدری نثار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ہر جمہوری ادارے کو تباہ کرنے کے بعد اب موجودہ حکومت نے براہ راست عوام سے بھی ٹکرانا شروع کر دیا ہے اور اپنے نظام پر جمہوریت کا جو ٹھپہ انہوں نے اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے لگایا ہوا تھا وہ اسے گولیوں، لاٹھیوں اور گرفتاریوں سے مٹا رہے ہیں۔ محمد نواز شریف نے تشدد کا نشانہ بننے اور گرفتار ہونے والے تمام کارکنوں کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد رنگ لائے گی اور آج کے ظالم انہیں لفظوں سے یاد کئے جائیں گے جن سے ماضی کے آمروں کو یاد کیا جاتا ہے۔

انہوں نے خصوصی طور پر چوہدری نثار کے کردار کی تعریف کی جو وہ جمہوری جدوجہد کے صف اول کے رہنما کے طور پ ادا کر رہے ہیں۔ نواز شرفی نے تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ گرفتار ہونے والوں اور تشدد کا نشانہ بننے والے کارکنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں اورانہیں ہر طرح کی امداد بہم پہنچائیں۔