جامعہ حفصہ،لال مسجد پر ہیلی کاپٹر کی پرواز،ویڈیو فلم بنائی گئی،زہریلی گیس کا استعمال،زہریلی گیس سے مولانا عبدالعزیز سمیت متعدد طالبات و طلبہ متاثر،طلبہ مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے،حکومت کے خلاف نعرے بازی،چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کیا جارہا ہے،مولانا عبدالعزیز اور مولانا عبدالرشید غازی کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 16 اپریل 2007 14:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل۔2007ء) جامعہ حفصہ اور لال مسجد کے اوپر حساس ادارے کے ہیلی کاپٹر کی انتہائی نیچی پرواز،ویڈیو فلم بنائی گئی، زہریلی گیس کا استعمال ، مولانا عبدالعزیز سمیت متعدد طلبہ و طالبات متاثر ،طلبہ سڑکوں پر نکل آئے ،زبردست احتجاجی مظاہرہ،لال مسجد کو جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے،حالات پھر کشیدہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز صبح 10:30حساس ادارے کا ہیلی کاپٹر جامعہ حفصہ اور لال مسجد کے اوپر انتہائی نیچی پرواز کرتا رہا۔اس دوران ہیلی کاپٹر سے جامعہ اور لا ل مسجد کی ویڈیو بنائی گئی اور مدرسے میں زیر تعلیم طالبات پر گیس پھینکی گئی جس سے سینکڑوں طالبات گھٹن کا شکار ہو گئیں۔پرواز کے دوران جامعہ حفصہ کے مہتمم اور لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے گھر میں بھی گیس پھینکی گئی جس سے سارا گھر دھویں سے بھر گیا اور مولانا عبد العزیز پر بھی نیم غشی سی طاری ہو گئی ۔

(جاری ہے)

جس سے طلبہ مشتعل ہوگئے فوری طور پر لال مسجد کے سامنے والی سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا طلبہ نے صف بندی کرتے ہوئے نعرے لگانے شروع کردیئے۔ہیلی کاپٹر کی پرواز کے دوران سوئزر لینڈ کی خواتین جرنلسٹ جامعہ حفصہ میں موجود تھیں۔ بعد ازاں لال مسجد انتظامیہ کی جانب سے صحافیوں کو غیر ملکی خواتین صحافیوں سے ملنے کی اجازت دی گئی جو اس ساری صورتحال سے خوفزدہ تھیں۔

انہوں نے چہروں پر نقاب کررکھا تھا نہ تو انہوں نے اپنا نام بتایا اور نہ ہی یہ بتایا کہ کس چینل کیلئے وہ کام کررہی ہیں انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق سوئٹزر لینڈ سے ہے وہ طالبات کا انٹرویو کررہی تھیں کہ ایک ہیلی کاپٹر نیچی پرواز کرتا ہوا تقریباً پانچ منٹ فضا میں کھڑا رہا اور مختلف مناظر فلمبند کرتا رہا اس دوران ایک گیس پھینکی گئی جس سے ان کی آنکھوں میں جلن ہوئی۔

بعد ازاں انہوں نے صحافیوں کو ریکارڈ کئے گئے مناظر دکھائے جس میں ہیلی کاپٹر لال مسجد اور جامعہ حفصہ پر پرواز کرتا دکھایا گیا۔ بعد ازاں لال مسجد کے خطیب و جامعہ حفصہ کے مہتمم مولانا عبدالعزیز اور نائب مہتم عبدالرشید غازی نے پریس کانفرنس میں ہیلی کاپٹر کی پرواز اور گیس پھینکنے کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔مولانا عبدالعزیز نے بتایا کہ اب حکومت سے مزید مذاکرات جاری نہیں رہ سکتے ۔

حکومت مذاکرات کی آڑ میں آپریشن کی تیاری کر چکی ہے ۔حکومت کا آج کمانڈو ایکشن کرنے کا پروگرام تھا لیکن خدا کے فضل و کرم سے ناکام ہو گیا ۔انہوں نے کہا کہ جس وقت ہیلی کاپٹر نے گیس پھینکی میں اس وقت کمرے میں موجودتھامیری بیٹی نے کہا کہ ابو ہیلی کاپٹر سے گیس پھینکی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ہمارا دم گھٹ رہا ہے تو میں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کیونکہ حکومت مذاکرات کر رہی ہے لیکن جب کمرہ زہریلی گیس کے دھویں سے بھر گیا تو مجھے بھی مجبورا باہر نکلنا پڑا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حکومت سے دو نکات پر مذاکرات جاری تھے جن میں ایک مساجد کی تعمیر اور دوسرا نفاذ اسلام ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتے ہیں کہ نہ ہم حکومت کے لیے کام کر رہے ہیں اور نہ ایجنسیوں کے لئے حکومت ایک طرف مذاکرات کر رہی ہے اور دوسری طرف ہمارے طلبہ کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر جامعہ حفصہ کے نائب مہتمم علامہ عبد الرشید غازی نے کہا کہ میری مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے بات ہوئی ہے ۔

چوہدری صاحب خود پریشان ہیں اوروہ کہہ رہے ہیں کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ کون مذاکرات کو سبوتاژ کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ حفصہ کے اوپر ہیلی کاپٹر کی 15 منٹ تک مسلسل پرواز اور ویڈیو فلم سے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نہتی طالبات کے اوپرگیس فائر قابل مذمت ہے اور اس طرح کے اقدامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ حکومت کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو خوش کرنے کے لئے معاملات کو خراب کیا جارہا ہے چوہدری شجاعت حسین سے پوچھوں گا کہ بچیوں کی تصاویر کیوں بنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ معاملات کافی حد تک ٹھیک ہوگئے تھے اور درست سمت میں مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا کہ آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے جامعہ حفصہ اور لال مسجد میں گیس پھینکی گئی اور ہماری بچیوں کی تصاویر بنائی گئیں اس طرح مذاکرات کو جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔

الطاف حسین کو خوش کرنے کے لئے اگر یہ کیا گیا ہے تو یہ ٹھیک نہیں ہے اس پر ہم چپ نہیں بیٹھیں گے یہ ان عناصر کی کارروائی ہے جو امن نہیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر نے نیچی پرواز کرکے فلمبندی کی ہے اور گیس چھوڑی گئی ہے یہ سراسر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش ہے انہوں نے مزید کہا کہ چاروں طرف سے ناکہ بندی کی گئی ہے اور جامعہ حفصہ اور لال مسجد کی جانب سے آنے والے لوگوں کو روکا جارہا ہے۔