جے ایف 17تھنڈر پاک چین لازوال دوستی کی عظیم مثال ہیں ، وزیراعظم شوکت عزیز،پاکستان اور چین کے دفاعی شعبہ میں تعاون سے خطے میں طاقت کا توازہ برقرار رہے گا ، پاکستان چین کے ساتھ دوستی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے

جمعرات 19 اپریل 2007 22:44

بیجنگ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ جے ایف 17تھنڈر طیارے کو پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی عظیم مثال قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان طیاروں کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہو اہے اور اس ک ادفاع مضبوط ہو رہا ہے۔ شینگ ڈو میں پاکستان قونصل خانے کے قیام سے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا اور چین کے مغربی حصے کے لوگوں کو پاکستان سے رابطے میں آسانی ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں چین کی طیارہ ساز کمپنیوں کے دورے ور پاکستانی قونصل خانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے دفاعی شعبے میں تعاون سے خطے میں طاقت کا توازن برقرار رہے گا۔

پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وزیر اعظم نے جے ایف 17تھنڈر طیارے کو پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی عظیم مثال قرا ر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان طیاروں کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہو اہے اور اس کی دفاع مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ اس موقع پر جے ایف 17تھنڈر طیاروں کی تیاری کے مراحل ڈیزائن اور اس کی دفاعی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ مزید طیارے اس سال جولائی میں اور 4طیارے اس سال کے آخر میں پاکستان پہنچیں گے۔ اگلے سال ان طیاروں کی سیریل پروڈکشن بھی شروع کر دی جائے گی۔ طیاروں کی مشترکہ تیاری کے پروگرام کے تحت چین میں پاکستانی عملے کی تربیت کا کام جاری ہے اور اس سال کے آخر تک انفراسٹرکچر کی فراہمی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ شینگ ڈو میں پاکستانی قونصل خانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا کہ شینگ ڈو میں پاکستان کے قونصل خانے کے قیام سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا اور چین کے مغربی حصے کے لوگوں کو پاکستان سے رابطے میں مزید آسانی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس قونصلیٹ کے کھلنے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو وسعت ملے گی اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ چین میں مزید قونصل خانے بھی کھولے جائیں گے۔