پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سمیت کئی جج صاحبان کی شرکت

ہفتہ 21 اپریل 2007 19:37

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2007ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس طارق پرویز سمیت ہائی کورٹ، سیشن کورٹ کے ججز صاحبان اور سول ججز نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری جب پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا جبکہ اس دوران تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس طارق پرویز اوردیگرجج صاحبان طلعت قیوم قریشی، شاہ جہاں، اعجاز الحق، اعجاز افضل، دوست محمد، محمد ضیاء، سلیم خان، جہانزیب رحیم، راج محمد، معروف خان، حامد فاروق، جہانگیر خان، ایڈووکیٹ جنرل سندھ لیاقت حسین ایڈووکیٹ اور سیشن، سول ججز اور مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس آف پاکستان شام تقریباً 6 بج کر 28 منٹ پر سٹیج پر آئے اس موقع پر پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی سٹیج پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ تقریب میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اورپاکستان بار کونسل کے رہنماؤں نے پہلے خطاب کیا جن میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرمنیر اے ملک، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین علی احمد کرد اور دیگر عہدیداران و ممبران جسٹس (ر) طارق محمود، حامد علی خان اور اعتزاز احسن نے خطاب کیا۔