حکومت چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس واپس نہیں لے گی، مزید ثبوت پیش کئے جائیں گے، ذرائع

ہفتہ 21 اپریل 2007 23:33

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2007ء) حکومت چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کے خلاف دائر صدارتی ریفرنس واپس نہیں لے گی، ریفرنس کے حوالے سے مزید ثبوت پیش کئے جائیں گے۔ ایک ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے کہا ہے کہ وہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کیخلاف صدارتی ریفرنس واپس نہیں لے گی بلکہ ریفرنس کا بھرپور دفاع کرے گی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہیکہ جب چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے سٹیل مل کی نجکاری کے خلاف فیصلہ دیا تو اس سے نہ صرف ملک میں سرمایہ کاری کو نقصان ہوا بلکہ 500ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری رکی اور ملک میں سرمایہ کاری کرنے والی غیر ملکی کمپنی نے حکومت کو کہا کہ وہ 100ملین ڈالرز کی اس سرمایہ کاری کو ختم کر لے گی جو اس نے پاکستان میں کی ہے مگر حکومت کی یقین دہانی پر اس نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اگر چہ چیف جسٹس کے خلاف صدارتی ریفرنس میں مس ہینڈل ہوا ہے مگر اس کی ذمہ داری میڈیا پر عائد ہوتی ہے جس نے صدارتی ریفرنس کو صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ افتخار محمد چوہدری کے خلاف مزید ثبوت سپریم جوڈیشل کونسل میں پیش کئے جائیں گے

متعلقہ عنوان :