چیف جسٹس کی بحالی کیلئے جاری احتجاج کسی کو اقتدار میں لانے کیلئے نہی۔َ حمید گل

منگل 24 اپریل 2007 14:33

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار 24 اپریل 2007) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اور دفاعی تجزیہ نگار جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کی بحالی کیلئے جاری احتجاج کسی کے اقتدار کیلئے نہیں ہے بلکہ عدلیہ کی آزادی کیلئے ہے پوری قوم میں بیداری کی لہر دوڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مشرف نے اگر امریکی ایجنڈے پر چلنا ہے تو وہ امریکہ کی ہی وردی پہن لیں کسی بھی جماعت کی ڈیل آمریت کو دوام بخشے گی منگل کو سپریم کورٹ کے باہر آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے حمید گل نے کہا کہ حکومتی سطح پر لایا جانے والا جلوس صورتحال خراب کرنے اور محاذ آرائی کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش ہے انھوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی کیلئے شروع کی جانے والی یہ تحریک کسی کے اقتدار کیلئے نہیں ہے بلکہ عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بالادستی کیلئے ہے اس تحریک نے پوری قوم کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے بیداری کی اس لہر سے وفاق مضبوط ہوا ہے انھوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں حکومت حالات کو مزید خراب کر رہی ہے 1977میں انارکی پھیلی تھی تو فوجی آئی تھی اس دفعہ فوج آئی تو بہت نقصان اٹھانا پڑیگا ملک میں خلفشار پھیلے گا جنرل مشرف ملک کو اکیلا چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں اور یہ چوہدری برادران کیساتھ بہت بڑی زیادتی ہے انھوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کیلئے یہی بہتر ہے کہ وہ امریکہ میں ہی بنگلہ خرید کر سکونت اختیار کر لیں اور اپنی خواہشات کی تکمیل کیلئے ملک کی سلامتی سے نہ کھیلیں اگر وہ سب سے پہلے پاکستان کے نعرے پر یقین رکھتے ہیں تو وہ وردی کی قربانی دیدیں انھوں نے مزید کہا کہ ڈکٹیٹر جب گھبرا جاتا ہے تو ایسے ہتھکنڈے اختیار کئے جاتے ہیں جو آج ٹیلیویژن کو دبانے کیلئے اختیار کئے گئے ہیں انھوں نے کہا کہ آج صورتحال یکسر مختلف ہے میڈیا کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا پہلے فوج پیچھے تھی اب براہ راست اقتدار میں ہے سیاستدان اگر اپنے اقتدار کے چکر میں پڑ کر ڈیل نہیں کرتے تو غیر جمہوری قوتیں دوام حاصل نہیں کر سکتیں حمید گل نے مزید کہا کہ ڈیل سے مایوسی پھیلے گی اس صورتحال میں اگر فوج کو آنا پڑا تو سب سے پہلے میں فوج کے سامنے کھڑا ہوں گا فوجی ہماری ہے ان کی موجودگی میں فوج سے نفرت ہے جب یہ چلے جائیں گے تو یہ نفرت محبت میں بدل جائے گی یہ امریکی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے فوج کو استعمال کر رہے ہیں اگر ان کو اتنا ہی شوق ہے تو امریکی فوج کی یونیفارم پہن لیں۔