شمالی وزیرستان کی بدامنی سے زیادہ نقصان علاقے کے عام لوگوں کو پہنچا ہے ،گورنر سرحد

بدھ 25 اپریل 2007 19:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل۔2007ء) صوبہ سرحد کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) علی محمد جان اورکزئی نے میر علی شمالی وزیرستان کے نمائندہ قبائیلی جرگے کو یقین دلایا ہے کہ بجلی کے حوالے سے ان کو درپیش مشکلات جلد حل کردی جائیں گی وہ بدھ کے روز شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے 53داوڑ اور وزیرعمائدین پر مشتمل نمائندہ جرگے سے بات چیت کررہے تھے قومی اسمبلی کے رکن مولانا نیک زمان بھی جرگے میں شامل تھے سیکرٹری برائے گورنر عظمت حنیف اور سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا ارباب محمد عارف بھی اس موقع پر موجود تھے جرگے کے شرکاء نے گورنر کو علاقے میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا عمائدین نے شمالی وزیرستان میں بحالی امن او رترقیاتی عمل کے لئے گورنر کی کوششوں کو سراہا اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گورنر اورکزئی نے کہا کہ شمالی وزیرستان مین امن کی بحالی سب کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے ؛بالخصوص قبائیلی عمائدین اور عوام نے اس میں اہم کردار اد اکیا ہے تاہم گورنر نے زور دے کر کہا کہ بہت کوششوں کے بعد حاصل کئے گئے امن کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے گورنر نے کہا کہ شمالی وزیرستان کی بدامنی کا سب سے زیادہ نقصان علاقے کے عام لوگوں کو پہنچا ہے لیکن اب باہمی اعتماد کی فضابحال ہوئی ہے اور ہم مشکل دور سے نکل آئے ہیں اب ترقی کا دور شروع ہوا ہے جس کے ذریعے قبائیلی عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں میسر ہوں گی انہوں نے اس سلسلے میں فاٹا کی پائیدار ترقی کے منصوبے کا ذکر کیا ؛جس پر اگلے پانچ برس میں عمل کیا جائے گا گورنر نے کہا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد سے قبائیلی عوام کی تقدیر بدل جائے گی گورنر نے عمائدین پر زور دیا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کا راستہ روکا جائے تاکہ ترقی کے عمل میں مزید رکاوٹ پیدا نہ ہو ۔