معاشی ناکہ بندی نے سخت نقصان پہنچایا‘ یورپ مزید آزمائش میں نہ ڈالے۔ فلسطینی وزیراعظم

جمعرات 26 اپریل 2007 11:45

غزہ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار 26 اپریل 2007) فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ یورپ اور اسرائیلی کی جانب سے مسلط کردہ معاشی ناکہ بندی نے فلسطین میں سخت معاشی بحران پیدا کیا- ایک عرب خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز غزہ میں فلسطینی وزراء اور ٹاوٴن ناظمین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا جواب صرف مزاحمت ہے- انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کو تباہ کرنے کی دھمکی جارحیت کے تسلسل کا حصہ ہے- اسرائیل آئے روز فلسطینی علاقوں کو تخت و تاراج کررہا ہے- فلسطینی وزیر اعظم نے وزراء اور ناظمین سے کہا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے باوجود وہ کام جاری رکھیں- انہوں نے یورپی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ ناکہ بندی کا سلسلہ روکے- انہوں نے کہا کہ اگر یورپ نے امداد بحال نہ کی تو فلسطینی عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی اور اس کی تمام ذمہ داری یورپ پر ہوگی-