مقدمات کے فیصلے تک راشد روٴف کو بر طانیہ کے حوالے نہیں کیا جائیگا،پاکستان ،حکومت 5مئی کو چیف جسٹس کے دورہ لاہور کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے گی، ترجمان وزارت داخلہ بریگیڈیئر جاوید ا قبال چیمہ کا ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 2 مئی 2007 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2007ء) وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہاہے کہ لندن طیارہ سازش کیس کے ملزم راشد روٴف کو پاکستان میں قائم مقدمات کے فیصلے تک برطانیہ کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت 5مئی کو چیف جسٹس کے دورہ لاہور کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزارت داخلہ کے ترجمان ریٹائرڈ بریگیڈیئر جاوید اقبال چیمہ نے بدھ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

جاوید چیمہ نے کہاکہ ملک میں مجموعی طور پر آج امن وامان کی صورت حال تسلی بخش رہی۔ تاہم اسلام آباد میں بعض شرپسندوں کی جانب سے پولیس پر پتھراوٴ کے نتیجے میں اکا دکا ناخوشگوار واقعات پیش آئے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیر داخلہ آفتاب شیرپاوٴپاکستان اور افغان جرگہ کمیشن کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لئے کل افغانستان جائیں گے جہاں وہ پاک افغان تعلقات کی بہتری کے لئے بات چیت کے علاوہ صدر حامد کرزئی سے بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ راشد روٴف کومقدمات کے فیصلے تک برطانیہ کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔