وردی اور جمہوریت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی‘ صدر پرویز مشرف مستعفی ہوجائیں‘ پیپلز پارٹی

قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کیلئے آخری دم تک لڑیں گے‘ 5مئی کو چیف جسٹس کا لاہور پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا جائے گا‘ یوسف رضا گیلانی‘ زمرد خان‘ راجہ پرویز اشرف و دیگر رہنماؤں کا مظاہرین سے خطاب و صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 3 مئی 2007 13:34

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار03 مئی2007) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ 5مئی کو لاہور آمد پر چیف جسٹس آف پاکستان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا جنرل مشرف فوری طور پر استعفیٰ دیکر قومی حکومت قائم کرنے کا اعلان کریں وردی اور جمہوریت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتیں پیپلز پارٹی ڈیل پر یقین نہیں رکھتی عدلیہ کی آزادی قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کیلئے آخری دم تک جدوجہد کریں گے ان خیالات کا اظہار کو پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید مخدوم یوسف رضا گیلانیزمرد خان شیری رحمان راجہ پرویزاشرف سید فخر امام اور دیگر نے جمعرات کو شاہراہ دستور پرچیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے کیا اس موقع پر نیشنل عوامی پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی افراسیاب خٹک زاہد خان اور دیگر بھی موجود تھے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ڈیل پر یقین نہیں رکھتی ڈیل کے شوشے حکومت چھڑوا رہی ہے ہماری ڈیل عوام کے ساتھ ہے پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پھانسی کے پھندے کو گلے سے لگا کر عوام کے ساتھ ڈیل کر لی تھی انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ ملکر ملک میں جمہوریت کی بحالی آئین کی بالادستی اورچیف جسٹس کی بحالی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی حکمرانوں کی پالیسیوں نے ملک کو بحرانوں میں مبتلا کر دیا ہے آج ملک کا کوئی بھی ادارہ محفوظ نہیں ہے اپنے ناجائز اقتدار کو دوام بخشنے کیلئے جنرل مشرف قومی اداروں کی حرمت کو پامال کر رہے ہیں سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ فوجی آمروں کے خلاف کامیابی تک جنگ جاری رہے گی ہم تشدد گرفتاریوں اور چھاپوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی پانچ مئی کو چیف جسٹس آف پاکستان کی لاہور آمد پر جمہوریت کیلئے جدوجہد کرنے والی قوتوں کے ساتھ ملکر اپنا بھرپور کردار ادا کریگی لالہ موسی میں ہمارے 2لاکھ سے زائد کارکن اپنے چیف جسٹس کو ویلکم کریں گے اسی طرح گجر خان جہلم اور جی ٹی روڈ پر پیپلز پارٹی کے لاکھوں کارکن موجود ہوں گے جو جی ٹی روڈ کو پانچ مئی کو ایک شہر بنا دیں گے پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے کہا کہ وردی اور جمہوریت کبھی ساتھ ساتھ نہیں چلتے ہم پر ڈیل کے الزامات لگانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ہم نے نہ کبھی ڈیل پر یقین کیا ہے اور نہ ہی وردی والوں سے ڈیل پر یقین رکھتے ہیں انھوں نے کہا کروڑوں پاکستانیوں کو انصاف مہیا کرنے والے چیف جسٹس آج خود انصاف کے کٹہرے میں کھڑا ہے انصاف کی تلاش میں لوگ اب کہاں جائیں گے انھوں نے کہا کہ ہم نظریات کی سیاست کرتے ہیں ملک میں سب سے زیادہ قربانیاں بھٹو خاندان نے دی ہیں آصف علی زرداری جیل میں رہے میں ہم سیاست سے فوجی انخلاء اوراداروں کی بحالی چاہتے ہیں انھوں نے کہاکہ اگر حکمرانوں کا یہ خیال ہے کہ روز روز کی سماعت کے بعد اپوزیشن اور عوام اس قابل نہیں رہیں گے کے وہ روزانہ احتجاج کریں تو یہ ان کی خام خیالی ہے انھوں نے کہاکہ چیف جسٹس کی بحالی عدلیہ کی آزادی اور قانون کی بالادستی کیلئے شروع کی جانے والی یہ تحریک کوئی ہائی جیک نہیں کریگا آج پاکستان کا ہر ذی شعور فرد اس تحریک کا حصہ ہے اور یہ فوجی آمروں کو سیاست سے آؤٹ ہونے تک جاری رہے گی اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر اسفند یار ولی افراسیاب خٹک راہد خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقاء کیلئے ضروری ہے کہ فوجی آمروں کو سیاست سے مکمل طور پر نکال دیا جائے اے این پی چھوٹی جماعت سہی مگر ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے کوئی بھی تحریک چلے گی ہم صف اول میں ہوں گے اور اپنی جانوں کی بازی تک لگا دیں گے انھوں نے کہاکہ وزیرستان بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں فوج کے ذریعے اپنے لوگوں کو مروایا جا رہا ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں ۔