پشاور‘چیف جسٹس کے ریفرنس کی سماعت کے موقع پر وکلاء نے عدالتوں سے مکمل بائیکاٹ کیا

جمعرات 3 مئی 2007 15:03

پشاور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار03 مئی2007) چیف جسٹس آف پاکستان افتخارمحمدچوہدری کی سپریم جوڈیشل کونسل میں پیشی کے موقع پر پشاورکے وکلاء نے عدالتوں کامکمل بائیکاٹ کرکے پشاورہائی کورٹ کے احاطے میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگایااور معمول کے مطابق شدید احتجاج جاری رکھا۔جمعرات کے روز صوبے کے دوسرے حصوں کی طرح پشاورہائی کورٹ بارایسوسی ایشن اورڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے وکلاء نے بھی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر عدالتوں کامکمل بائیکاٹ کیا او روکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے ۔

وکلاء برادری نے چیف جسٹس افتخارمحمدچوہدری کے ساتھ اظہارییکجہتی کرتے ہوئے پشاورہائی کورٹ کے احاطہ میں بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا جس میں ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن اورڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے وکلاء نے بھرپورشرکت کی ۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ جمعرات کے روز ہڑتال کااعلان صبح نو بجے کیا گیا کیونکہ بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدرعبدالطیف آفریدی نے کہا تھا کہ کل ہڑتال نہیں ہوگی تاہم بعدازاں پاکستان بارکونسل اورسرحد بارکونسل کی کال پر ہڑتال کااعلان کیاگیا جس کے بعد صبح نوبجے کے بعد وکلا ء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے جس سے عدالتی کارروائی متاثرہوئی اوردوردراز علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں کوسخت پریشانی کاسامنا کرنا پڑا۔

بھوک ہڑتالی کیمپ صبح نو بجے سے بارہ بجے تک جاری رہا جس میں ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن اورڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے ممبران نے شرکت کی ۔