چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری 12 مئی کو سندھ ہائیکورٹ بار سے خطاب کرینگے

جمعرات 3 مئی 2007 15:46

کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار03 مئی2007) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری12 مئی کو کراچی میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کریں گے۔ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی کی جانب سے جاری کیے گئے پریس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری12 مئی کو کراچی آئیں گے اور سپریم کورٹ کے قیام کے پچاس سال پورے ہونے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز کے مطابق یہ تقریب23 مارچ کو ہونی تھی تاہم9 مارچ کو اچانک چیف جسٹس کے خلاف صدارتی ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ ریفرنس کے خلاف ملک بھر میں شروع ہونے والے احتجاج اور سپریم جوڈیشل کونسل میں سماعت کی وجہ سے جسٹس افتخار محمد چوہدری کے لیے23 مارچ کو تقریب میں شرکت کرنا ممکن نہیں رہا تھا۔ پریس ریلیز کے مطابق اب چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری نے حتمی طور پر بتایا ہے کہ وہ12 مئی کو کراچی میں سپریم کورٹ کے پچاس سال پورے ہونے کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ تقریب ہائی کورٹ کے لان میں ہوگی۔سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری منیر الرحمان نے امید ظاہر کی ہے کہ تقریب میں سندھ بھر کے وکلا اور ان کی نمائندہ تنظیمیں شرکت کریں گی۔