Live Updates

چوہدری برادران بوکھلاہٹ میں لوٹ کھسوٹ کو تحفظ دینے کیلئے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان ۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ سپریم کورٹ کا ادارہ طاقتور کے سامنے کھڑا ہوا ہے ‘پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2007 18:49

لاہور( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار04 مئی2007) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں چیف جسٹس آف پاکستان کے متوقع کامیاب استقبال کو دیکھتے ہوئے چوہدری برادران بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں اور اپنی لوٹ کھسوٹ کو تحفظ دینے کیلئے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں ۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ سپریم کورٹ کا ادارہ طاقتور کے سامنے کھڑا ہوا ہے ماضی میں عدالتیں جاگیر داروں ‘سرمایہ کاروں کو سپورٹ کرتی رہی ہیں کبھی غریب کو انصاف نہیں ملا ۔

سیاسی کارکنوں پر تشدد نظر بندی اور انکی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں اور پنجاب کے حکمرانوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ تمہاری ڈنڈا بردار سیاست سے کوئی نہیں ڈرے گا بلکہ تحریک میں مزید تیزی آئے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رو ز تحریک انصاف پنجاب کے صوبائی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری سید شاہد ذوالفقار ‘پنجاب کے صدر احسن رشید ‘لاہور کے صدر شبیر سیال ‘شعبہ خواتین پنجاب کی صدر سلونی بخاری اور دیگر بھی موجود تھے ۔

عمران خان نے کہا کہ آج زندہ دلان لاہور اپنی سابق سیاسی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے عدلیہ کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والے قوم کے عظیم سپوت افتخار محمد چوہدری کے استقبال کیلئے جوق در جوق آئینگے جس سے پاکستان میں قانون ‘انصاف کی حکمرانی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیس اور دیگر انتظامیہ کے افسران کے نام نوٹ کر رہے ہیں اور موجودہ حکومت جانے والی ہے جس کے بعد انکے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کاروائی کی جائے گی کیونکہ آج جو یہ سب کچھ کر رہے ہیں غیر قانونی ‘غیر اخلاقی اور غیر آئینی ہے ۔

انہوں نے تاجر برادری ‘مزدور تنظیموں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آج چیف جسٹس کے استقبال کیلئے باہر آئیں اور اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ آج کا چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا استقبال فرد واحد کی حکمرانی کے خاتمے پر مہر ثابت ہوگا۔ حکمران پر امن تحریک کو تشدد کا رنگ دینے پر تلے ہوئے ہیں سیاسی کارکنوں کو گرفتار ان پر تشد د اور نظر بند کیا جارہا جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ پولیس نے آج اگر مجھے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو میں اس کیلئے تیار ہوں ۔ پولیس نے پنجاب کے مختلف شہروں سے ہمارے 140کے قریب کارکنوں کو گرفتار اور نظر بند کیا ہوا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت انہیں فورا رہا کرے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات