کراچی میں حکومتی سرپرستی میں غنڈہ گردی اور فسطائیت کی مذمت کرتے ہیں ،پیر کو پورے صوبے میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں ۔ صدر پشاورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن

ہفتہ 12 مئی 2007 16:35

پشاور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار12 مئی2007) پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے الزام لگایا ہے کہ کراچی میں حکومتی سرپرستی میں ایم کیو ایم کے غنڈوں نے فسطائیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیف جسٹس کو اغواء کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ سیاسی کارکنوں کا قتل عام کیا اور پرامن تحریک کو پرتشدد بنانے کی سازش کی جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف پیر کو پورے صوبے میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں یہ اعلان انہوں نے پشاور پریس کلب میں ہنگامی اخباری کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر دیگر سینئر وکلاء بھی موجود تھے لطیف آفریدی نے کہا کہ کراچی میں جو کچھ ہورہا ہے اس کی براہ راست ذمہ داری جنرل پرویز مشرف ،ارباب غلام رحیم ،ڈاکٹر عشرت العباد ،ایم کیو ایم اور کور کمانڈر کراچی پر عائد ہوتی ہے اور ان کے خلاف ہم قتل کے مقدمات درج کریں گے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اور اس کی حلیف دہشت گرد جماعت ایم کیو ایم نے کراچی میں جو کیا پوری دنیا اس کی مذمت کرتی ہے انہوں نے کہا کہ وکلاء کی دو ماہ سے جاری تحریک کے دوران کسی ایک پتھر نہیں مارا تاھم ایم کیو ایم کو جنرل پرویز مشرف نے فسطائیت ،غنڈی گردی اور ظلم کی کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کور کمانڈرکراچی ،چیف سیکرٹری سندھ اور ہوم سیکرٹری سندھ کو طلب کیا اور ان سے پوچھا کہ آپ لوگ کیا کررہے ہیں جواب میں کور کمانڈر نے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے ہونے دیں اس کی ہم مذمت کرتے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے جرات کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کراچی میں سب کچھ پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں اور صوبے کے عوام ،تاجروں، ٹرانسپورٹروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پیر کو صوبے میں پہیہ جام ہڑتال کردیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں نجی ٹی وی چینل اور صحافیوں پر تشدد کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ان کو اصل حقائق عوام کے سامنے لانے پر نشانہ بنایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے ریاستی دہشت گردی اور فسطائیت کا نوٹس لیں بصورت دیگر ملک نہیں بچ سکے گا انہوں نے کہا کہ کراچی میں زیادہ تر پختونوں کو نشانہ بنا کر قتل کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم صوبہ بھر کی سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پیر کو ہمارے احتجاج میں شامل ہو انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے مزے کرنے والے حکمران اپنا قبلہ درست کرلیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو کچھ ہورہا ہے وہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا کھلا ثبوت ہے ۔

متعلقہ عنوان :