واقع کراچی میں ملوث چہروں کو جلد بے نقاب کیاجائے گا۔ محمد علی درانی۔۔کراچی میں تشدد کے واقعات کی تحقیقات کرا کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے، وزیر اعظم نے صورت حال سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت کو ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدیات کی ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 12 مئی 2007 18:43

اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار12 مئی2007) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ تشدد کے واقعات اور نجی ٹی وی چینل کے دفتر پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث چہروں کو جلد بے نقاب کیا جائے گا اور تحقیقات کرا کر حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے جبکہ وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اداروں اور گورنر سندھ کو صورت حال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کراچی میں جاری تشدد کے واقعات اور آج ٹی وی کے دفاتر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری تشدد کے واقعات کے حوالے سے ہم حکومت سندھ سے رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم شوکت عزیز سے ملاقات کی ہے اور یہ بات ان کے نوٹس میں ہے۔

وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اداروں اور گورنر سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورت حال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ محمد علی درانی نے کہا کہ کراچی میں پر تشدد کارروائیاں ایک افسوس ناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے کراچی میں جو بھی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اس کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔ اس حوالے سے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے اور اس میں ملوث چہروں کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔ محمد علی درانی نے آج ٹی وی پر فائرنگ کے واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہمدردیاں آج ٹی وی کے ساتھ ہیں۔ حکومت آج ٹی وی کے دفتر کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔