کراچی میں تشدد کی ذمہ دار ایم کیو ایم اور وفاقی وصوبائی حکومتیں ہیں ۔اعتزاز احسن

ہفتہ 12 مئی 2007 19:17

کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار12 مئی2007) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے پرتشدد واقعات کی ذمہ دار ایم کیو ایم، وفاقی اور صوبائی حکومت ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ’عوام کچھ نہیں کر رہے بلکہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ وفاقی حکومت اور ایم کیو ایم کی صوبائی حکومت کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ریاستی دہشتگردی ہے اور حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا ہم تو کراچی ائیر پورٹ پر جناح ٹرمینل کے لاوٴنج میں محصور ہیں۔ جب ہم بارہ بجے اترے تو یہاں کی انتظامیہ اور پولیس نے چیف جسٹس کو اغوا کرنے کی کوشش کی اور ہماری اطلاع کے مطابق حکام انہیں گورنر ہاوٴس لے جانا چاہتے تھے۔ بیرسٹر اعتزاز کے مطابق اغواء کی اس کوشش میں پولیس رینجرز اور آئی جی سندھ خود ملوث تھے جنہوں نے چیف جسٹس سے کھینچا تانی کی لیکن وکلاء نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی لاوٴنج کے باہر آئی جی اور ہوم سیکرٹری نیم فوجی دستوں کے ساتھ موجود ہیں اور ایئر پورٹ کے باہر ایم کیو ایم کی ریلی ہے جس میں شامل سینکڑوں لوگ مخالفانہ نعرے لگا رہے ہیں اور انہوں نے راستہ بھی بلاک کیا ہوا ہے۔اس سوال پر کہ کیا چیف جسٹس کو اس طرح روک کر حکام سندھ ہائی کورٹ کی حکم عدولی تو نہیں کر رہے اعتزاز احسن نے کہا کہ اگرچہ انہیں چیف جسٹس کو سندھ ہائی کورٹ تک رسائی فراہم کرنے کے بارے میں عدالتی حکم کا نہیں پتہ لیکن اگر کوئی ایسا حکم دیا گیا ہے تو حکام اس کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں سوال پر چیف جسٹس کے وکیل نے کہا کہ اس حوالے سے مشورہ کیا جا رہا ہے اور ہمارے میزبان جس طرح ہماری رہنمائی کریں گے ہم وہی کریں گے۔اعتزاز احسن نے ان خیالات کی نفی کی کہ چیف جسٹس اب سیاستدان بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا’نہیں ایسا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے بالکل سیاست نہیں کی اور نہ ہی میڈیا سے بات کی ہے اور جسٹس افتخار نے کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جس سے ان کا پیچھے ہٹنے کا سوال ہو اور جہاں تک بار ایسوسی ایشن سے خطاب کی بات ہے تو وہ چیف جسٹس کا حق ہی نہیں فرض بھی ہے۔